کراچی: وزیراعظم نواز شریف کراچی میں امن و امان کی خراب صورت حال اور شہر میں ترقیاتی منصوبوں کے مکمل نہ ہونے پر افسران پر برس پڑے۔

کراچی پہنچنے کے بعد وزیراعظم ائیرپورٹ سے ہیلی کاپٹر کے ذریعے گورنرہاوس پہنچے جہاں سے وہ خیربخش مری کے انتقال پر تعزیت کے لیے اُن کے بیٹے کی رہائش گاہ مری ہاؤس گئے۔

بعد ازاں وزیر اعظم نواز شریف گورنر ہاؤس پہنچے جہاں انھوں نے اعلیٰ سطح کے اجلاس کی صدارت کی، جس میں گورنرسندھ عشرت العباد، وزیراعلیٰ سید قائم علی شاہ، وزیرداخلہ چوہدری نثارعلی خان ،خواجہ سعد رفیق بٹ اور مشاہداللہ خان کے علاوہ کور کمانڈر کراچی سمیت رینجرزاورپولیس کے اعلی افسران اور سیاسی جماعتوں کے رہنماؤں اور تاجروں نے بھی شرکت کی ۔

اجلاس کے دوران وزیراعظم نواز شریف کو کراچی میں جاری ترقیاتی منصوبوں کے حوالے سے بریفنگ دی گئی۔

ایڈمنسٹریٹر کراچی نے وزیراعظم کو کراچی کے لیے ریپیڈ بس ٹرانسپورٹ منصوبے کے حوالے سے بھی آگاہ کیا۔

بریفنگ دیتے ہوئے ایڈمنسٹریٹر کراچی نے بتایا کہ لیاری ایکسپریس وے کاصرف 5 کلومیٹرحصہ تعمیرہونا باقی ہے۔ اطراف کی آبادیوں کا سروے مکمل ہے اور اس حوالے سے فہرست مرتب کی جا چکی ہے۔

اجلاس کے دوران کراچی میں امن و امان کی صورتحال کے حوالے سے وزیراعظم نواز شریف کو بریفنگ دیتے ہوئے بتایا گیا کہ آپریشن ضرب عضب کے تناظر میں کراچی آپریشن کو ازسرِنو ترتیب دیا گیا ہے۔

بریفنگ میں بتایا گیا کہ کراچی کے حساس علاقوں میں آپریشن کی ترجیحات میں تبدیلی لائی گئی ہے اور پولیس و رینجرز نے کراچی آنے والے دہشت گردوں کو گرفتار کیا ہے۔

وزیراعظم نے کہا کہ یہ اچھی بات ہے کہ آپریشن ضرب عضب پر سب متفق ہیں۔

اجلاس میں شریک تاجروں اور صنعتکاروں نے بھی وزیراعظم نواز شریف کے سامنے شکایات کے انبار لگادئیے۔

ان کا کہنا تھا کہ شہر میں اغواء کی وارداتوں میں اضافہ ہوتا جارہا ہے جب کہ جون سے اب تک سترہ تاجروں کو اغوا کیا گیا۔

انہوں نے کہا کہ تاجر عدم تحفظ کا شکار ہیں اور پولیس اور رینجرز اُن کے سامنے یقین دہانیاں کراکر بھول جاتے ہیں۔

وزیراعظم نواز شریف گورنرسندھ سے علیحدہ ملاقات میں متحدہ قومی موومنٹ (ایم کیو ایم) کو وفاقی کابینہ میں شمولیت کی دعوت بھی دیں گے۔

تجزیہ کاروں کے مطابق نواز شریف حکومت کی جانب سے یہ سیاسی حکمت عملی عمران خان کے چودہ اگست کے لانگ مارچ اورمولانا طاہرالقادری کی حکومت مخالف تحریک سے نمٹنے کے لیے اختیار کی جارہی ہے۔

ضرور پڑھیں

تبصرے (0) بند ہیں