جنوبی کوریا میں ہیلی کاپٹر حادثہ، پانچ ہلاک

17 جولائ 2014
جنوبی کوریا میں حادثے کا شکار ہونے والے جہاز کا ملبہ—۔فوٹو رائٹرز
جنوبی کوریا میں حادثے کا شکار ہونے والے جہاز کا ملبہ—۔فوٹو رائٹرز

سیول: جنوبی کوریا میں تین ماہ قبل ڈوبنے والی فیری میں سوار افراد کی لاشوں کی تلاش کے مشن میں شریک ہیلی کاپٹر گوانگ جو شہر کے رہائشی علاقے میں گر کر تباہ ہو گیا، جس کے نتیجے میں پانچ افراد ہلاک ہوگئے۔

خبر رساں ادارے اے ایف پی کے مطابق ہیلی کاپٹر کے گرنے سے کسی شہری کی ہلاکت کی اطلاعات نہیں ملی تاہم ہائی اسکول کا ایک طالب علم ہیلی کاپٹر کے ٹکڑے لگنے کے باعث زخمی ہوا ہے۔

وائی ٹی این ٹیلی ویژن کی جانب سے لی گئی ڈرامائی فوٹیج میں دکھایا گیا ہے کہ کس طرح ہوا میں اڑتا ہوا ایک جہاز زمین کے قریب آیا اور پھر اس کا اگلا حصہ زمین کے ساتھ ٹکرا گیا، نتیجے میں ایک زوردار دھماکہ ہوا۔

مقامی چیف مون کی شک نے صحافیوں کو بتایا کہ ہیلی کاپٹر میں پانچ افراد سوار تھے اور سب کے سب ہلاک ہو چکے ہیں۔

تاہم حادثے کی وجوہات کا تعین ابھی تک نہیں کیا جا سکا ہے۔

ہیلی کاپٹر کا عملہ اپریل کی سولہ تاریخ کو ہونے والے فیری حادثے میں گم ہونے والے افراد کی تلاش کے مشن سے واپسی پر حادثے کا شکار ہوا۔

اپریل میں جنوبی کوریا کے جنوب مغربی سمندر میں ڈوبنے والی سیول فیری میں ساڑھے چار سو سے زائد مسافر سوارتھے، جن مین زیادہ تعداد اسکول کے بچوں کی تھی۔

اس واقعے کو تین ماہ کا عرصہ گزر جانے کے باوجود بھی درجنوں افراد کی لاشیں تاحال نہیں ملی ہیں۔

ضرور پڑھیں

تبصرے (0) بند ہیں