کچھ خاص غذائیں یاداشت کو بہتر بناتی ہیں اور کچھ دماغی افعال کو حیرت انگیز، مگر جناب واقعی کچھ کھانے کی چیزیں ایسی ہوتی ہیں جو آپ کو ذہنی طور پر زیادہ سمارٹ بناتی ہیں، جن میں سے چند ایک پیش خدمت ہیں۔


مچھلی


آج کے دور میں اکثر جس عام مسئلے کا سامنا ہوتا ہے وہ ہے روزمرہ کے کاموں کو یاد رکھنا ہے، یعنی کب کہاں جانا ہے، کس وقت کسی کو فون کرنا ہے یا کھانے کیلئے کیا بنانا ہے وغیرہ ، تو اگر آپ بھی اپنی یاداشت کو بہتر بنانا چاہتے ہیں تو روغنی مچھلی یا آئلی فش کا استعمال بہت فائدہ مند ثابت ہوتا ہے۔ ماہرین کا کہنا ہے کہ مچھلی میں پایا جانے والا اومیگا تھری فیٹی ایسڈز مجموعی صحت کیلئے خاص طور پر دماغ کیلئے بہت فائدہ مند ہے۔


پتوں والی سبزیاں


اگرچہ ہم میں سے بیشتر افراد سبزیوں کو دیکھ کر اپنے منہ موڑ لیتے ہیں مگر جناب جب تک آپ انہیں خاص طور پر سبز سبزیوں کو استعمال نہیں کریں گے دماغی صحت کا خواب بھی دیکھنا کچھ مناسب نہیں۔ پالک اور سبز گوبھی وٹامن سی اور بیٹا کروٹین سمیت دیگر انٹی آکسائیڈنٹس سے بھرپور ہوتی ہے جو کہ جسم کیلئے صحت مندی کا سبب مانے جاتے ہیں، اس کے علاوہ ان میں فلوٹے نامی ایک جز ہوتا ہے جو ہمارے دماغ کی معلومات اکھٹا کرنے اور انہیں یاد رکھنے کے عمل کو تیز کرنے میں مددگار ثابت ہوتا ہے۔


انڈے


منرلز اور وٹامنز سے بھرپور انڈے بہترین دماغی خوراک ہے، آئرن، آیوڈین اور وٹامن بی 12 وغیرہ کے ساتھ انڈے آپ کی خوراک کا لازمی حصہ ہونا چاہئے۔ آئرن سے خون کے سرخ خلیات بنتے ہیں، جو آکسیجن کو آپ کے دماغ تک پہنچاتے ہیں جو مشکل حالات میں آپ کو چوکنا رکھتا ہے۔اسی طرح آیوڈین سے مسائل حل کرنے کی صلاحیتوں میں بہتری آتی ہے۔


سبز چائے


کیا آپ کو معلوم ہے کہ آپ کا دماغ کا لگ بھگ 80 فیصد حصہ پانی پر مشتمل ہے؟ اس کا مطلب ہے کہ آپ کو دماغی افعال بہتر بنانے کیلئے مناسب مقدار میں پانی کی ضرورت پڑتی ہے۔ اگرچہ دن بھر میں 8 گلاس پانی کا استعمال لازمی ہے مگر اس کے ساتھ ساتھ آپ سبز چائے کا ایک کپ روزانہ استعمال کرنا بھی معمول بنائیں۔ طبی ماہرین کا کہنا ہے کہ سبز چائے سے دماغی چوکنا پن بڑھتا ہے اور یاداشت بہتر ہوتی ہے، جبکہ اس میں شامل انٹی آکسائیڈنٹس دماغی تنزلی یا ڈیمینیشا کا خطرہ کم کرتے ہیں۔


چاکلیٹ


دماغی نشوونما تیز کرنے والے کیمیکل فلیونیڈ سے بھرپور چاکلیٹ کا معتدل استعمال دماغی صلاحیتوں کو بڑھاتا ہے۔ چاکلیٹ کے استعمال سے نئے عصبی خلیے بنتے ہیں جس سے نئی یاداشتوں کو منظم کرنا آسان ہوجاتا ہے جبکہ یہ میٹھی سوغات دماغ تک خون کی روانی بھی بہتر کرتی ہے۔

تبصرے (1) بند ہیں

Jamal Jul 19, 2014 03:38pm
I fully agree. Fish especially can help very much to reduce weight. Fish oils contain aminos that counter fight with harmful toxins also. [Dawn Urdu Down Detector][1] [1]: http://www.issitedownrightnow.com/status/urdu.dawn.com