مسلم لیگ (ن) کے رکن پنجاب اسمبلی خرم گلفام انتقال کر گئے

اپ ڈیٹ 22 جولائ 2014
مسلم لیگ نواز کے رکن پنجاب اسمبلی خرم گلفام—۔فائل فوٹو
مسلم لیگ نواز کے رکن پنجاب اسمبلی خرم گلفام—۔فائل فوٹو

لاہور: پاکستان مسلم لیگ (ن) کے رکن پنجاب اسمبلی خرم گلفام لاہور کے سروسز اسپتال میں انتقال کر گئے۔

ڈان نیوز کے مطابق خرم گلفام 9 جولائی کو گردن کے آپریشن کےدوران کومے میں چلے گئے تھے جس کے بعد انہیں سروسز اسپتال میں وینٹی لیٹر پر رکھا گیا تھا، جہاں آج وہ انتقال کر گئے۔

وزیراعلیٰ پنجاب نے ایم پی اے خرم گلفام کے انتقال پر دلی رنج و غم کا اظہارکرتے ہوئے کہا ہے کہ خرم گلفام مسلم لیگ ﴿ن﴾ کے قابل، باصلاحیت اور محنتی پارلیمنٹیرین تھے۔

شہباز شریف نے کہا کہ خرم گلفام کے انتقال سے دلی صدمہ ہوا ہے اورپارٹی کے لیے اُن کی خدمات کو ہمیشہ یاد رکھا جائے گا۔

خرم گلفام چھ فروری 1979 کو شیخوپورہ میں پیدا ہوئے۔

انہوں نے ایچی سن کالج اور گورنمنٹ کالج لاہور سے تعلیم حاصل کی۔

خرم گلفام نے پاکستان کالج آف لاء سے 2004 میں قانون کی ڈگری حاصل کی اور 2013 کے انتخابات میں شیخوپورہ کے حلقہ پی پی 162 سے رکن پنجاب اسمبلی منتخب ہوئے۔

انہوں نے صوبائی پارلیمانی سیکرٹری برائے توانائی کے فرائض بھی سر انجام دیئے۔

مرحوم خرم گلفام نے سوگواران میں بیوہ، دو بیٹیاں اور ایک بیٹا چھوڑا ہے۔

ان کی نماز جنازہ آبائی علاقہ نارووال کے نواحی گاؤں باؤنڈری میں ادا کی جائے گی۔

تبصرے (1) بند ہیں

faraz Jul 22, 2014 04:20pm
khurram gulfam case investigate hona chahiye