پاکستانی اداکار فواد خان نے کہا ہے کہ فن سرحدوں کا محتاج نہیں ہوتا اور نہ ہی مذہب و ثقافت کا پابند ہوتا ہے۔

انڈین ایکسپریس کی رپورٹ کے مطابق اداکار نے پاکستانی مداحوں کی جانب سے ان کے بولی وڈ میں کام کرنے کے حوالے سے ہونے والی تنقید پر کہا کہ ایسے لوگوں کی تعداد بہت کم ہے تاہم وہ اپنی رائے دینے کے حقدار ہیں۔

انہوں نے کہا کہ اگر ہندوستان سے جا کر پاکستان میں کوئی فنکار کام کرے تو پھر بھی ضرور کسی نہ کسی طرف سے شور ہوگا۔

فواد نے کہا کہ فن ایک ایسی حقیقت ہے جو سرحدوں کا محتاج نہیں ہوتا، بطور اداکار مجھے اپنے آپ کو دریافت کرنا ہے اور اس کے لیے مجھے منفی تنقید نظر انداز کرنا ہوگی، میرا خیال ہے کہ اس طرف توجہ دینا غیر ضروری ہوگا۔

واضح رہے کہ ڈزنی کی فلم 'خوبصورت' کے ٹریلر نے سامنے آنے کے بعد شائقین میں ہلچل مچا دی ہے۔

سونم نے خود پسند اور خوش باش ڈاکٹرز کے کردار کا تاثر اپنے خاص انداز کے چمکیلے اسکارف سے ابھارا ہے اور ٹریلر میں نظر آنے والے دیگر ملبوسات کے علاوہ اپنے کریکٹر میں خوب گھلی ملی نظر آتی ہیں۔

مجموعی طور پر سونم کپور نے ہمیشہ کی طرح ایک بار پھر خود کو فیشن کوئین منوا ہی لیا ہے۔

اس کے مقابلے میں فواد خان اپنے کرتا پاجامے میں مدبر اور منظم شخصیت کے حامل نظر آ رہے ہیں اور ہر پہلو سے شہزادے ہی محسوس ہو رہے ہیں۔

اس فلم کے پروڈیوسرز سونم کپور کے والد انیل کپور اور بہن ریہا کپور اور سدہاتھ رائے کپور ہیں جبکہ ہدایت کاری کے فرائض کوئک گن مورگن کے ذریعے شہرت حاصل کرنے والے ہدایت کار ششنکا گھوش نے سر انجام دیئے ہیں۔

فلم 'خوبصورت' 19 ستمبر کو ریلیز کی جائے گی جس میں سونم کے مدِ مقابل پاکستانی اداکار فواد خان جلوہ گر ہو رہے ہیں جبکہ دیگر اداکاروں میں کرن کھیر، رتنا پاٹھک اور ادیتی راؤ حیدری شامل ہیں۔

سونم کپور کی فلم 'خوبصورت' 1980 میں ریلیز ہونے والی فلم خوبصورت کا ریمیک ہے، جس میں راکیش روشن اور ریکھا مرکزی کرداروں میں شامل تھے۔

اس موقع پر سونم کپور نے کہا کہ خوبصورت میں ریکھا نے جو کردار نبھایا، وہ فلم کے ریمیک میں اس کردار کے ساتھ انصاف نہیں کرسکتیں۔

دوسری جانب فواد خان نے کہا ہے کہ ان کی یہ فلم بولی وڈ میں اچھوتی ثابت ہوگی، جسے رواں سال 19 ستمبر کو ریلیز کیا جا رہا ہے۔

تبصرے (0) بند ہیں