ساؤتھ ہیمپٹن ٹیسٹ کا پہلا دن انگلینڈ کے نام

27 جولائ 2014
انگلینڈ کے بلے باز گیری بیلنس سیریز کی دوسری سنچری اسکور کرنئے کے بعد شائقین کی داد کا جواب دیتے ہوئے۔ رائٹرز
انگلینڈ کے بلے باز گیری بیلنس سیریز کی دوسری سنچری اسکور کرنئے کے بعد شائقین کی داد کا جواب دیتے ہوئے۔ رائٹرز

ساؤتھ ہیمپٹن: انگلینڈ اور ہندوستان کے درمیان کھیلے جا رہے تیسرے ٹیسٹ میچ کا پہلا دن انگلینڈ کے نام رہا جہاں انگلینڈ نے دو وکٹ کے نقصان پر 247 رنز بنا لیے ہیں۔

انگلینڈ کے کپتان ایلسٹر کُک نے ٹاس جیت کر پہلے بلے بازی کا فیصلہ کیا جو درست ثابت ہوا۔

کپتان نے سیم روبسن کے ساتھ محتاط انداز میں اننگ کا آغاز کیا اور پہلی وکٹ کے لیے 55 رنز کی شراکت قائم کی۔

روبسن آؤٹ ہونے والے پہلے کھلاڑی تھے جو 26 نز بنا کر محمد شامی کی وکٹ بنے۔

اس کے بعد کُک نے گیری بیلنس کے ساتھ مل کر شاندار شراکت قائم کی اور ہندوستان باؤلرز کے لیے وکٹ کا حصول خواب بنا دیا۔

دونوں کھلاڑیوں نے 55 اوورز تک ہندوستانی باؤلرز کا امتحان لیا اور اس دوران قیمتی 158 رنز کی شراکت قائم کی۔

انگلینڈ کو دوسرا نقصان 213 کے اسکور پر اس وقت پوا جب کپتان ایلسٹر کُک نروس نائنٹیز کا شکار ہو کر 95 رنز بنانے کے بعد جدیجا کو وکٹ دے بیٹھے، ان کی اس اننگ میں نو دلکش چوکے شامل تھے۔

دوسرے اینڈ سے بیلنس کی شاندار بلے بازی کا سلسلہ جاری رہا اور انہوں نے سیریز کی دوسری انچری اسکور کی۔

اس کے بعد دن کے اختتام تک بیلنس اور ای این بیل نے مزید کوئی وکٹ نہ گرنے دی اور جب پہلے دن کا کھیل ختم ہوا تو انگلینڈ نے دو وکٹ کے نقصان پر 247 رنز اسکور کیے تھے۔

بیلنس 15 چوکوں سے مزین 104 رنز کے ساتھ وکٹ پر موجود ہیں جبکہ 16 رنز بنانے والے بیل ان کا ساتھ نبھا رہے ہیں۔

یاد رہے کہ پانچ میچوں کی سیریز میں ہندوستان کو 1-0 کی برتری حاصل ہے جس نے لارڈز ٹیسٹ میں فتح اپنے نام کی تھی۔

تبصرے (0) بند ہیں