کراچی: پاکستان میں آج مذہبی جوش جذبے کے ساتھ عیدالفطر منائی جا رہی ہے۔

وفاقی درالحکومت اسلام آباد میں نماز عید کا مرکزی اجتماع ملک کی سب سے بڑی شاہ فیصل مسجد میں ہوا جس میں ہزاروں افراد شریک ہوئے ۔

لاہور کا مرکزی اجتماع بادشاہی مسجد میں ہوا جہاں دیگر لوگوں کے علاوہ گورنر پنجاب چودھری محمد سرور نے بھی نماز عید ادا کی۔ منہاج القرآن کے سربراہ طاہرالقادری نے ماڈل ٹاؤن کی مسجد میں نماز عید ادا کی ۔

، چیف جسٹس پاکستان جسٹس ناصرالملک نےمینگورہ کی گل کدہ مسجدمیں نماز عیداداکی، وزیراعلیٰ سندھ قائم علی شاہ اور رکن قومی اسمبلی ایازسومرونےگڑھی خدا بخش میں عید کی نمازادا کی۔

کوئٹہ کی توغی روڈ پر نماز عید کا اجتماع ہوا جس میں سابق چیف جسٹس افتخار محمد چودھری بھی شریک ہوئے ، جبکہ کراچی کے پولو گراؤنڈ میں بھی بڑا اجتماع ہوا، اس کے علاوہ ملک کی ہزاروں مساجد اور عیدگاہوں میں بھی لوگوں نے نماز عید ادا کی۔

شمالی وزیرستان میں جاری فوجی آپریشن پر شدت پسندوں کے ممکنہ ردعمل کے پیش نظر آج عید کے موقع پر ملک کے اہم شہروں میں سیکورٹی کے خاص انتظامات کئے گئے ہیں۔

دوسری جانب اس سال بھی ملک میں دو عیدوں کی روایت برقرار رہی اور پیر کو صوبہ خیبر پختونخوا اور فاٹا کے مختلف علاقوں میں عید منائی گئی۔

اس حوالے سے پشاور سمیت صوبے کے مختلف شہروں میں نمازِ عید کے اجتماعات میں سیکورٹی کے سخت انتظامات دیکھنے میں آئے۔

فاٹا اور خیبر پختونخوا کے مختلف کیمپوں میں موجود افغان مہاجرین نے بھی پیر کو عید منائی۔

مرکزی رویت ہلال کمیٹی کا اجلاس پیر کی رات چیئرمین مفتی منیب الرحمن کی زیر صدارت کراچی میں محکمہ موسمیات کے دفتر میں ہوا۔

مفتی منیب الرحمان نے پریس کانفرنس میں بتایا کہ ملک بھر سے چاند نظر آنے کی معقول شہادتیں موصول ہوئیں اور تمام علما اور ماہرین کے اتفاق سے بروز منگل 29 جولائی 2014 بمطابق یکم شوال 1435 ہجری کو عید منانے کا اعلان ہوا۔

اجلاس میں مختلف مکاتب فکر سے تعلق رکھنےوالے کمیٹی کے ارکان،سپارکو، پاک بحریہ اور محکمہ موسمیات کے ماہرین نے شرکت کی۔

وزیراعظم نواز شریف اور صدر ممنون حسین کی قوم سے آئی ڈی پیز کی امداد کی اپیل

صدر ممنون حسین اور وزیر اعظم نواز شریف نے قوم کو عیدالفطر کی مبارک باد دیتے ہوئے شمالی وزیرستان سے تعلق رکھنے والے آئی ڈی پیز کی مدد پر زور دیا ہے۔

دونوں رہنمائوں نے عید کے موقع پر اپنے پیغام میں عوام سے اپیل کی کہ وہ عید کی خوشیوں میں شمالی وزیرستان سے نقل مکانی کرنے والے افراد کو شریک کریں۔

دونوں رہنمائوں نے کہا کہ قوم کو ملک میں جاری بدامنی کے خاتمے کے لیے حکومتی کوششوں کی حمایت کرنی چاہئے۔

وزیراعظم نے آپریشن ضرب عضب میں شہید ہونے والوں کو خراج عقیدت پیش کرتے ہوئے کہا ہے کہ عید کی اصل خوشی نقل مکانی کرنے والوں کی اپنے گھروں کو واپسی پر ہوگی۔

وزیراعظم کا کہنا تھا کہ وہ یہ عید بہادر فوجیوں اور شمالی وزیرستان کے متاثرین کے نام کرتے ہیں، شہداء کی قربانیاں رنگ لائیں گی اور ملک کو دہشت گردی سے ہمیشہ کے لئے نجات ملے گی۔

آرمی چیف کی عید منانے کے لیے شمالی وزیرستان آمد

آرمی چیف جنرل راحیل شریف جوانوں اور افسروں کا حوصلہ بڑھانے کیلئے شمالی وزیرستان کے ہیڈکوارٹرز میران شاہ پہنچے اور ان سے ملاقاتیں کیں۔

انہیں اس موقع پر آپریشن کی تازہ ترین صورتحال سے بھی آگاہ کیا گیا۔ بعد میں آرمی چیف بنوں کے علاقے بکاخیل میں آئی ڈی پیز کے کیمپوں میں گئے اور متاثرین سے عید ملے۔

وزیردفاع آپریشن ضرب عضب کی کامیاب تکمیل کیلئے پرعزم

سیالکوٹ میں عید کی نماز کے بعد میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے وزیر دفاع نے کہا کہ وزیرستان آپریشن کامیابی کے مراحل طے کررہا ہے، فوج کو فتح نصیب ہوگی۔

انھوں نے کہا کہ دعا ہے کہ پاکستان میں امن قائم ہو اور آئی ڈی پیز اپنے گھروں کو واپس جائیں۔

تبصرے (0) بند ہیں