معین کے ہاتھوں ہندوستانی بیٹنگ تباہ، انگلینڈ کامیاب

31 جولائ 2014
معین علی نے 67 رنز کے عوض چھ وکٹیں حاصل کیں۔ فوٹو اے پی
معین علی نے 67 رنز کے عوض چھ وکٹیں حاصل کیں۔ فوٹو اے پی

ساؤتھ ہیمپٹن: انگلینڈ نے معین علی کی تباہ کن باؤلنگ کی بدولت ہندوستان کو تیسرے ٹیسٹ میچ میں 266 رنز سے شکست دے کر سیریز 1-1 سے برابر کر دی۔

جمعرات کو ٹیسٹ کے پانچویں دن ہندوستان نے 112 رنز چار کھلاڑی آؤٹ سے اپنی اننگ دوبارہ شروع کی تو اسی مجموعے پر جیمز اینڈرسن نے چھ رنز بنانے والے روہت شرما کی چھٹی کر دی۔

انڈین ٹیم ابھی اس نقصان سے سنبھلی بھی نہ تھی کہ اینڈرسن نے انہیں ایک اور گہرا دھچکا پہنچاتے ہوئے کپتان مہندرا سنگھ دھونی کو بھی پویلین لوٹا دیا، اس وکٹ کے لیے بھی انہیں وکٹ کیپر کی خدمات حاصل رہیں۔

رویندرا جدیجا اور اجنکیا رہانے نے کچھ دیر کے لیے وکٹیں گرنے کے سلسلے کو تھام دیا لیکن اسکور 152 تک پہنچا تو معین علی نے کسی ڈراؤنے خواب کی مانند ہندوستانی بیٹنگ لائن تتر بتر کر دی۔

ایک سو باون کے مجموعے پر معین نے جدیجا اور پھر اسی اوور میں بھونیشور کمار کی وکٹیں لیں جبکہ اسکور میں دو رنز کے اضافے سے محمد شامی کی کو بغیر کوئی رن بنائے واپسی کا راستہ دکھایا۔

ہندوستان کی آخری وکٹ نے چند اوورز تک مزاحمت کی لیکن 178 کے اسکور پر معین نے پنجج سنگھ کی وکٹ لے کر انگلش ٹیم کو 266 رنز کی شاندار فتح سے ہمکنار کرا دیا۔

معین علی نے شاندار باؤلنگ کا مظاہرہ کرتے ہوئے 67 رنز کے عوض چھ وکٹیں حاصل کیں۔

ان کی شاندار باؤلنگ کا اندازہ اس بات سے لگایا جا سکتا ہے کہ آخری اسپیل کی 22 گیندوں میں انہوں نے 17 رنز دے کر 4 وکٹیں حاصل کیں۔

اس میچ میں فتح کے ساتھ ہی انگلینڈ نے پانچ میچوں کی سیریز 1-1 سے برابر کر دی ہے جہاں اس سے قبل لارڈز ٹیسٹ میں ہندوستانی نے کامیابی حاصل کی تھی۔

جیمز اینڈرسن کو پہلی اننگ میں پانچ اور میچ میں سات وکٹیں لینے پر بہترین کھلاڑی کے اعزاز سے نوازا گیا۔

سیریز کا چوتھا ٹیسٹ سات اگست سے مانچسٹر میں کھیلا جائے گا۔

تبصرے (0) بند ہیں