ساجد-فرہاد کی مشترکہ ڈائریکٹوریل پیشکش، 'انٹرٹینمنٹ' بے ہنگم ایکشن اور مضحکہ خیز واقعات پر مبنی کامیڈی ہے جس کا مرکزی خیال انسان-حیوان دوستی ہے-


پلاٹ


فلم کے آغاز میں مرکزی کردار اکھیل لوکانڈے (اکشے کمار) ایک بے ہودہ اشتہار میں اداکاری کرتا دکھائی دیتا ہے- اکھیل، ایک غریب نوجوان ہے جو اپنے بیمار باپ (درشن جڑی والا) کے علاج کے لئے چھوٹے موٹے کام کر کے پیسا کماتا ہے اور ساتھ ہی ساکشی (تمنا بھاٹیہ) نام کی ایک لڑکی سے محبّت بھی کرتا ہے-

ایک رومینٹک گیت اور چند سینز کے بعد اکھیل پر یہ انکشاف ہوتا ہے کہ وہ پنالال نامی ہیروں کے ایک جوہری کا بیٹا ہے جس کا حال ہی میں بینکاک انتقال ہوا ہے- اکھیل کی تو جیسے لاٹری لگ جاتی ہے کیونکہ قانون کی رو سے اب وہ پنالال کی جائیداد کا اکیلا وارث ہے-

چناچہ اپنا حق حاصل کرنے کے لئے وہ بینکاک پہنچ جاتا ہے جہاں پنالال کا وکیل، حبیب اللہ (جانی لیور) اسے یہ بتاتا ہے کہ مرتے وقت جوہری پنالال اپنی تمام دولت 'انٹرٹینمنٹ' نامی ایک کتے کا نام کر گئے ہیں- اکھیل، کو یہ سن کر دھچکا سا لگتا ہے مگر وہ ہمّت نہیں ہارتا اور اپنے فلموں کے شوقین دوست جگنو (کرشنا ابھیشک) کے ساتھ اپنا حق ہر صورت حاصل کرنے کی تگ و دو میں لگ جاتا ہے-

انٹرٹینمنٹ کی کہانی منفرد ہے، ماضی میں کئی فلمیں انسان اور جانور کے تعلق پر بولی وڈ میں بنائی گئی ہیں فرق صرف یہ ہے کہ اس بار اس میں ضرورت سے زیادہ مزاح بھی شامل کیا گیا ہے-

سکرین شاٹ
سکرین شاٹ

بطور ڈائریکٹرز یہ فلم ساجد - فرہاد کی پہلی فلم ہے جس میں وہ ہر حال میں دیکھنے والوں کو محظوظ کرنے کے لئے پُرعزم ہیں چناچہ ان کو جتنی بھی احمقانہ اور عجیب و غریب حرکتیں سمجھ میں آئیں وہ تمام اس مووی میں بھرتے چلے گئے ہیں، فلم کے مزاحیہ اسٹنٹس چارلی چپلن کے شائقین کو ضرور پسند آئیں گے-

بہرحال ان اسٹنٹس کو مزید بہتر طریقے سے پیش کیا جا سکتا تھا، گرافکس کے ڈیپارٹمنٹ میں فوکس کم نظر آتا ہے ساتھ ہی سینز کی آپس میں کوآرڈینیشن کی کمی ہے جس نے سکرین پلے کو کمزور کر دیا ہے-

سکرین شاٹ
سکرین شاٹ

اکشے کمار نے پہلے بھی اپنی مزاحیہ اداکاری سے دیکھنے والوں کو محظوظ کیا ہے- اس بار بھی 'ولن ہے تو'؟ جیسے ون-لائنرز کے ساتھ وہ پوری فلم میں اپنے فینز کو ہنساتے رہے ہیں، اس کے علاوہ فلم سٹارز اور فلموں کے ناموں سے سجے کرشنا ابھیشک کے ڈائیلاگز نے دیکھنے والوں کو بےاختیار ہنسنے پر مجبور کر دیا-

صاف ظاہر ہے کہ ساجد - فرہاد کی توجہ سکرین پلے سے زیادہ ڈائیلاگز پر مرکوز رہی ہے- جانی لیور سے بہت سی توقعات تھیں لیکن وہ فقط اپنے نام پر اوور- ری ایکشن سے زیادہ پرفارم نہیں کر سکے- تمنا بھاٹیہ ہمیشہ کی طرح گانوں، ڈانس اور اکتا دینے والی ایکٹنگ تک محدود رہیں- اکشے کے ساتھ ان کی کیمسٹری کچھ جمی نہیں جبکہ متھون چکرابورتی اپنی ہر آنے والی فلم میں پہلے سے زیادہ شور مچاتے نظر آتے ہیں-

سکرین شاٹ
سکرین شاٹ

فلم کے اصل ولن کرن-ارجن (پرکاش راج اور سونو سود) کی انٹری تک کہانی ٹھیک ٹھاک چلتی رہی لیکن سیکنڈ ہاف تک پہنچنے کے بعد ناگوار حد تک بورنگ اور طویل ہوگئی-

بہرحال، کرن ارجن کی اس جوڑی نے کمال کی پرفارمنس دی ہے، خصوصاً وہ منظر جب بیک گراؤنڈ میں فلم کرن-ارجن کے گانے کے ساتھ ارجن آنکھوں میں آنسو بھر کر اپنے بڑے بھائی کو اموشنل بلیک میل کرتا ہے دیکھنے والوں کا ہنس ہنس کر برا حال ہو جاتا ہے-

میوزیکل سکورز سننے میں اچھے ہیں خاص کر 'جانی جانی' فلم کی ریلیز سے پہلے ہی خاصہ مشہور ہو گیا- فلم کی شوٹنگ زیادہ تر بینکاک میں ہوئی اس کے علاوہ ممبئی، گوا میں بھی کچھ سین فلمائے گئے ہیں-


آخری بات


'انٹرٹینمنٹ' ایک تفریحی فلم ہے جس کا مقصد اپنے دیکھنے والوں کو محظوظ کرنا ہے اس میں کسی قسم کی منطقی کہانی ڈھونڈنا فضول ہے-

ضرور پڑھیں

تبصرے (0) بند ہیں