پاکستان کے ہائی کمشنر عبدالباسط اور کشمیری حریت لیڈر شبیر شاہ کے درمیان ملاقات پر تنقید کے بعد انڈیا نے پاکستان کے ساتھ شیڈول سیکریٹری خارجہ سطح پر باہمی بات چیت منسوخ کر دی۔

ذرائع کے مطابق، انڈیا کی وزارت برائے خارجہ امور (موفا) نے نئی دہلی میں پاکستان ہائی کمشنر کو اپنے فیصلے سے آگاہ کر دیا۔

وزارت کا کہنا ہے کہ وہ اپنی سیکریٹری خارجہ سجاتہ سنگھ کو25 اگست اسلام آباد میں شیڈول مذاکرات کے لئے نہیں بھیجے گی۔

موفا نے اپنے فیصلے کی کوئی وجہ نہیں بتائی۔

ٹائمز آف انڈیا کی ویب سائٹ کے مطابق یہ فیصلہ عبدالباسط اور شبیر شاہ کے درمیان ملاقات کے بعد کیا گیا۔

خیال رہے کہ اس ملاقات کے بعد اپوزیشن جماعت کانگریس نے وفاق کو سخت تنقید کا نشانہ بنایا۔

کانگریس نے حکومت پر دہرا معیار اپنانے کا الزام لگاتے ہوئے سوال کیا کہ اب تک بات چیت کو منسوخ کیوں نہیں کیا گیا۔

بتایا جاتا ہے کہ باسط نے منگل کو ایک اور حریت لیڈر میر واعظ عمر فاروق کو ملاقات کے لئے مدعو کر رکھا ہے۔

پاکستان کا ردعمل

پاکستان نے فیصلے پر شدید ردعمل ظاہر کرتے ہوئے کہا کہ اس فیصلے سے 'ان کی قیادت کے انڈیا سے تعلقات بہتر بنانے کی کوششوں کو دھچکا لگے گا'۔

پاکستانی دفتر خارجہ کی ترجمان تسنیم اسلم نے ایک جاری بیان میں بتایا کہ انڈیا میں ان کے ہائی کمشنر کو باضابطہ طور پر فیصلے سے مطلع کر دیا گیا ہے۔

ان کا کہنا تھا کہ ماضی میں بھی مذاکرات سے پہلے پاکستانی سفیر کشمیری رہنماؤں سے ملاقاتیں کرتے آئے ہیں اور ان ملاقاتوں کا مقصد تنازعہ کشمیر پر بامعنی گفتگو کرنا ہے۔

تبصرے (0) بند ہیں