کراچی: سیاسی بے یقینی کے باعث کراچی اسٹاک ایکسچینج (کےایس ای) میں شدید مندی جاری ہے اور کے ایس ای ہنڈریڈ انڈیکس تین سو سے زائد پوائنٹس کی کمی کے ساتھ اٹھائیس ہزار پانچ سو کے قریب پہنچ گیا ہے۔

نمائندہ ڈان نیوز تلقین زبیری کے مطابق معاشی ماہرین اور تجزیہ کاروں کا کہنا ہے اگر صورتحال یہی رہی تو آئندہ آنے والے دنوں میں بھی مارکیٹ میں اتار چڑھاؤ کی صورتحال برقرار رہے گی۔

نمائندے کے مطابق آج مارکیٹ کا حجم خاصا کم ہے جس سے ظاہر ہو رہا ہے کہ سرمایہ کار کاروبار میں زیادہ دلچسپی نہیں لے رہے۔

جبکہ ہفتے کے دوسرے روز آج مارکیٹ میں صرف دو کروڑ شیئرز کا کام ہوا ہے اور دیکھو اور انتظار کرو کی صوتحال نظر آرہی ہے۔

تلقین زبیری کے مطابق مارکیٹ میں سیاسی بے یقینی ڈالر کی قیمت پر بھی اثر انداز ہو رہی ہے اور پچھلے ایک ہفتے میں ڈالر کی قیمت میں ڈیرھ روپے کا اضافہ ہوچکا ہے۔

ڈان نیوز کے مطابق انٹر بینک مارکیٹ میں ڈالر کی قیمت سو روپے سے زائد ہے جبکہ اوپن مارکیٹ میں بھی ڈالر 100 روپے چالیس پیسے تک پہنچ چکا ہے۔

تبصرے (0) بند ہیں