اسلام آباد : ہندوستان کی جانب سے سیکرٹری خارجہ کی سطح پر بات چیت کو منسوخ کیے جانے پر پاکستان نے سخت ردعمل کا اظہار کرتے ہوئے کہا ہے کہ ہم نئی دہلی کے " ماتحت" نہیں بلکہ تنازعہ کشمیر کے اہم اسٹیک ہولڈرز ہیں۔

خبر رساں ادارے پریس ٹرسٹ آف انڈیا کے مطابق دفتر خارجہ کی ترجمان تسنیم اسلم نے اپنے ایک بیان میں ہندوستان کے الزام کو مسترد کرتے ہوئے کہا کہ پاکستانی ہائی کمشنر عبدالباسط نے ہندوستان کے داخلی معاملات میں مداخلت نہیں کی کیونکہ کشمیر اس کا حصہ نہیں۔

انہوں نے کہا کہ کشمیری حریت پسندوں کی پاکستانی ہائی کمشنر سے ملاقات کو جواز بناکر بات چیت منسوخ کرنا بہانہ ہے، یہ پہلی بار نہیں کہ حریت قیادت نے پاکستانی سفارتی عملے سے ملاقات کی ہو ایسا دہائیوں سے ہوتا آرہا ہے۔

ترجمان نے کہا کہ پاکستانی ہائی کمشنر نے ہندوستان کے اندرونی معاملات میں مداخلت نہیں کی، پاکستان اس کا ماتحت نہیں خودمختار ملک ہے اور تنازعہ کشمیر کا حقیقی اسٹیک ہولڈر ہے۔

تسنیم اسلم نے پاکستان کے اس موقف کو دوہرایا کہ کشمیر ہندوستانی کا حصہ نہیں بلکہ ایک تنازعہ خطہ ہے جس میں اقوام متحدہ کی متعدد قراردادیں بھی موجود ہیں۔

واضح رہے کہ پاکستان اور ہندوستان کے خارجہ سیکرٹریوں کے درمیان پچیس اگست کو اسلام آباد میں مذاکرات شیڈول تھے، جنھیں ہندوستان نے حریت رہنماﺅں کی پاکستان ہائی کمشنر سے ملاقاتوں پر اعتراض اٹھا کر منسوخ کردیئے۔

تبصرے (0) بند ہیں