جیکی چن شرمندہ کیوں؟

20 اگست 2014
جیکی چن۔ — فائل فوٹو
جیکی چن۔ — فائل فوٹو

بیجنگ:ایکشن سٹار جیکی چن نے منشیات استعمال کرنے کے ایک کیس میں اپنے بیٹے کی گرفتاری پر شرمندگی اور افسردگی ظاہر کرتے ہوئے عوام سے معذرت کی ہے۔

بدھ کو ایک مائیکرو بلاگ میں چن نے کہا کہ ان کے بیٹے جے چی چین اپنے غلط کاموں کی سزا بھگتیں گے ۔

تاہم انہوں نے وعدہ کیا کہ دونوں باپ بیٹا مستقبل میں ایک ساتھ ہوں گے۔

یاد رہے کہ اداکار اور گلوکار اکیتس سالہ چین کو گزشتہ جمعرات تائیوان کے ایک فلم سٹار کائی کو کے ساتھ منشیات استعمال کرنے پر گرفتار کیا گیا تھا۔

پولیس کی موجودہ کارروائیاں گزشتہ دو دہائیوں میں چین میں منشیات کے خلاف بڑے کریک ڈاؤن میں سے ایک ہے۔

پولیس کا کہنا ہے کہ دونوں اداکاروں کے ٹیسٹ مثبت آئے ہیں اور انہوں نے حشیش استعمال کرنے کا اعتراف بھی کیا۔

پولیس نے یہ بھی بتایا کہ چین کے گھر سے سو گرام حشیش برآمد ہوئی۔

یاد رہے کہ چین نے2009 میں جیکی چن کو انسداد منشیات کا سفیر مقرر کیا تھا۔

تبصرے (0) بند ہیں