پشاور: صوبہ خیبر پختونخوا کے دارلحکومت پشاور اور نواحی علاقوں میں تیز بارش کے دوران مختلف حادثات میں 8افراد ہلاک اور 42افراد زخمی ہو گئے۔

پشاور اور گرد ونواح میں شام ڈھلتے ہی تیز ہواؤں کے ساتھ آندھی اور گرد آلود طوفان شروع ہوا جس کے بعد گرج چمک کے ساتھ شدید بارش شروع ہوگئی۔

طوفانی بارش سے شہر اور نواحی علاقوں میں مختلف حادثات رونماہوئے جس میں 8افراد ہلاک ہوئے۔

ایڈیشنل اسسٹنٹ کمشنر محمد شعیب نے ہلاکتوں کی تصدیق کرتے ہوئے بتایا کہ طوفانی بارش کے نتیجے میں ہلاک ہونے والے 7افراد کی لاشیں حیات آباد میڈیکل کمپلیکس منتقل کی گئی ہیں، جن میں 5بچے اور ایک خاتون شامل ہیں۔

ان کا کہنا تھا کہ 19زخمیوں کو بھی حیات آباد میڈیکل کمپلیکس لایا گیا ہے، مزید ایک لاش اور گیارہ زخمیوں کو لیڈی ریڈنگ اسپتال پہنچایا گیا جبکہ 13زخمیوں کو خیبر ٹیچنگ اسپتال منتقل کیا گیا۔

دوسری طرف نکاسی آب کا مناسب انتظام نہ ہونے کے باعث شہر بھر میں کئی نشیبی علاقے زیرآب آگئے، جس سے لوگوں کی مشکلات میں مزید اضافہ ہوگیا۔

یاد رہے کہ گزشتہ ہفتے بھی پشاور اور نواحی علاقوں میں طوفانی بارش کے باعث 18افرا د جاں بحق اور 80سے زائد افراد زخمی ہوئے تھے۔

تبصرے (0) بند ہیں