ایل او سی خلاف ورزی: ہندوستان کو ڈی جی ایم اوز کی ملاقات کی تجویز

23 اگست 2014
قومی سلامتی اور خارجہ امور کے مشیر سرتاج عزیز—۔فائل فوٹو
قومی سلامتی اور خارجہ امور کے مشیر سرتاج عزیز—۔فائل فوٹو

اسلام آباد: قومی سلامتی اور خارجہ امور کے مشیر سرتاج عزیز نے کہا ہے کہ پاکستان نے ہندوستان کو ڈی جی ملٹری آپریشنز کے درمیان ملاقات کی تجویز دی ہے۔

پاکستان کا کہنا ہے کہ اگر ہندوستان کے پاس پاک انڈیا سرحد پر دراندازی کے ثبوت ہیں تو وہ پاکستان کے سامنے پیش کرے۔

ڈان نیوز سے خصوصی گفتگو کرتے ہوئے سرتاج عزیز کا کہنا تھا کہ ورکنگ باونڈری اور لائن آف کنٹرول پر انڈین فورسز کی فائرنگ پاکستان اور ہندوستان کے تعلقات کو متاثر کر رہی ہے۔

انہوں نے کہا کہ ہندوستان کو چاہیٔے کہ وہ الزام تراشیوں سے گریز کرے۔

سرتاج عزیز کا کہنا تھا کہ اگر ہندوستان کے پاس پاک انڈیا سرحد پر دراندازی کے ثبوت ہیں تو پیش کرے، محض الزام تراشی سے کام نہیں بنے گا۔

انہوں نے کہا کہ دونوں ممالک سیز فائر کے معاہدے کا احترام کریں۔

سرتاج عزیز نے دونوں ممالک کے ڈی جی آپریشنز کے مابین ہونے والی گزشتہ میٹنگ کا حوالہ دیتے ہوئے کہا کہ اس میٹنگ سے صورتحال کو نارمل کرنے میں مدد ملے گی۔

یاد رہے کہ ہندوستانی فوج کی جانب سے رات گئے چارواہ اور چپرال سیکٹر پر بلااشتعال فائرنگ اور گولہ باری کا سلسلہ وقفے وقفے سے جاری رہا۔

ڈان نیوز ٹی وی کی رپورٹ کے مطابق ہندوستانی فوج کی فائرنگ سے ایک خاتون سمیت دو افراد ہلاک اور چار افراد زخمی ہوگئے۔

فائرنگ سےمتعددمویشی بھی ہلاک ہوگئے اور کئی مکانات کو نقصان پہنچا ہے۔

تبصرے (0) بند ہیں