نواز شریف گھٹنے ٹیکنے والے ہیں،عمران خان

اپ ڈیٹ 24 اگست 2014
عمران خان کارکنان کے نعروں پر ان کی حوصلہ افزائی کر رہے ہیں ۔۔۔ فوٹو ۔۔۔ اے ایف پی
عمران خان کارکنان کے نعروں پر ان کی حوصلہ افزائی کر رہے ہیں ۔۔۔ فوٹو ۔۔۔ اے ایف پی

عمران خان نے ایک بار پھر اس موقف کا اعادہ کیا ہے کہ وزیراعظم نواز شریف کے استعفی تک وہ اسلام آباد سے جانے والے نہیں اور ملک بھر میں پہیہ جام کردیں گے۔

اسلام آباد میں آزادی مارچ کے دھرنے سے دن میں خطاب کرتے ہوئے عمران خان نے کہا کہ نواز شریف کے استعفے کے بغیر کوئی بات نہیں ہوسکتی،ہم اپنے مطالبے کو منوانے کے لیے ملک گیر ہڑتال اور پہیہ جام کر دیں گے۔

انہوں نے کہا کہ جب تک انتخابی دھاندلی کی تحقیقات ہورہی ہیں وزیراعظم اپنے عہدے سے مستعفی ہوکر الگ رہیں، ہم اس مطالبے سے پیچھے ہٹنے والے نہیں۔

ان کا کہنا تھا کہ ہماری تحریک اب پورے پاکستان میں پھیلنے والی ہے۔ پاکستانیوں سے کہتا ہوں کہ اپنے ملک کے لیے نکلو، نئے پاکستان کے لیے نکلو، سرکاری بینکوں سے اپنے پیسے نکال لو۔

عمران خان نے کہا کہ آصف زرداری نے مجھے خود فون کرکے کہا تھا کہ انتخابات میں دھاندلی ہوئی اب وہ کس منہ سے جمہوریت کی بات کررہے ہیں.

عمران خان نے کہا کہ کنٹینر کھڑے کرکے لوگوں کو آنے سے روکا جارہا ہے، مذاکراتی ٹیم بھیجنے سے پہلے کنٹینر ہٹائے جائیں۔ انہوں نے کہا کہ جب تک نیا پاکستان نہیں بنتا ان کے پاس شادی کے لیے سوچنے کا وقت نہیں تاہم اب کوئی بھی نیا پاکستان بننے سے نہیں روک سکتا۔


دو دن میں میچ ختم ہو جائے گا،عمران خان


رات کو کارکنان پاکستان تحریک انصاف کے چیئرمین عمران خان نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ شادی کی بات کا یہ مطلب نہیں ہے کہ مجھے کوئی خاتون مل گئی ہے بلکہ جب تک نیا پاکستان نہیں بنتا میں ذاتی خوشیاں نہیں مناؤں گا۔

عمران خان نے دعوی کیا کہ نواز شریف گھٹنے ٹیکنے والے ہیں،شرکاء میرے ساتھ کل اور پرسوں کھڑے ہونے کے لیے تیار رہیں، تیسرے دن شاید کھڑے ہونے کی نوبت نہ آئے اور میچ ختم ہو جائے۔

ان کا کہنا تھا کہ میدان میں ہارجیت کا 21سال کا تجربہ ہے، یہ میچ ہم تقریباً جیت چکے ہیں۔

انہوں نے ایک بار پھر وزیر اعظم کو ملک گیر ہڑتال کے حوالے سے کہا کہ ہم ملک گیر ہڑتال کرسکتے ہیں، رکیں گے نہیں، پہیہ جام ہڑتال کرکے شہروں کو بند کر دیں گے۔

عمران خان نے جمیعت علمائے اسلام کے سربراہ کے حوالے سے کہا کہ مولانا فضل الرحمن نے شرم ناک باتیں کیں، دلوں کے راز تو اللہ جانتا ہے، مولانا فضل الرحمن کون ہیں بتانے والے، مجھ پر کفر کے فتوے لگا دئیے، فضل الرحمن لوگ جیسے اسلام کی نمائندگی کریں گے تو لوگ مذہب سے دور ہو جائیں گے۔

انہوں نے سابق چیف جسٹس پر الزم لگایا کے کہ افتخار محمد چوہدری نے کہا تھا کہ مجھے قائم مقام وزیراعظم بنایا جائے، شریف برادران نے دھاندلی کے لیے افتخار چوہدری کو اپنے ساتھ ملایا۔

ان کا کہنا تھا کہ شریف برادران نے آئی ایس آئی سے پیسے لے کر آئی جے آئی بنائی۔

تبصرے (1) بند ہیں

راضیہ سید Aug 25, 2014 01:18pm
عمران خان یہ آپ نے اپنی انتہا پسندی کے چکر میں کیا کر دیا کہ آپ کسی کو تو کوئی نقصان نہ پہنچا سکے لیکن خود اپکی جو رہی سہی مقبولیت تھی وہ بھی ختم ہو گئی ، بار بار آپ ایک ممتحن کی طرح ڈیڈ لائن دے رہے ہیں کہ ٹو منٹس آر لیفٹ یعنی دو منٹ رہ گئے پرچہ واپس کر دو ، اسی طرح آپ نے بھی کہنا شروع ، کر دیا کہ وزیر اعظم استعفی دے دو پی ٹی آئی والواکٹھے ہو جائو میں اہم اعلان کرنے ولا ہوں یہ الگ بات ہے کہ آپ ابھی تک کوئی بھی اہم فیصلہ یا اعلان نہیں کر سکے ، بلی تھیلے سے باہر لانے کے چکر میں آپ کیا کر رہے ہیں ، بازاری یا غیر پارلیمانی زبان ایک سپورٹس مین کا شیوہ نہین ہوا کرتا ، عمران صاحب آپ ملکی سالمیت کے لئے کچھ تو سوچ لیتے کہ آپ کے آزادی مارچ نے جن لوگوں کے کاروبار کو نقصان پہنچایا کیا آپ ان کا ازالہ کریں گے ؟ کیا ان کے گھروں میں راشن ڈالوئیں گے ؟ یہ کیسا جنون ہے یہ کیسی آزادی ہے کہ آپ کے کارکن پاکستانی پرچم کو پیروں تلے روند رہے ہیں کیا یہی نئے پاکستان کی شروعات ہیں؟ کیا آپ ایسا پاکستان بنانا چاہتے تھے ؟ آپ تو اپنے کارکنوں تک کو چھوڑ کر بنی گالہ چلے گئے اور یہ الگ بات کہ اتنے عرصے میں بارش اور موسیقی نے ااپکی پارٹی کے اراکین کو مجتمع کیئے رکھا ، عمران میں ابھی بھی آپکی تقریر سن رہی ہوں اپکی آواز میں پہلے جیسا جوش نہیں ہے ، مانا کہ جمہوریت میں احتجاج کرنا سب کا حق ہے لیکن جو طریقہ آپ نے اختیار کیا ہوا ہے وہ مناسب نہیں کہ آپ ایک ہی ہٹ پر اڑے ہوئے ہیں کہ منتخب اسملی مستعفی ہو جائے ، کیا بالکل بھی آئین یا قانون آپکی نظر سے نہیں گذرے ، افسوس تو یہ کہ ناں ہی آپ ایک اچھے سیاست دان ہیں ن