شاہراہ دستور مظاہرین سے خالی کرانے کی ہدایت جاری

25 اگست 2014
وفاقی وزیر داخلہ چوہدری نثار علی خان ، فائل فوٹو۔۔۔
وفاقی وزیر داخلہ چوہدری نثار علی خان ، فائل فوٹو۔۔۔

اسلام آباد: وفاقی وزیر داخلہ چوہدری نثار علی خان نے شاہراہ دستور کو مظاہرین سے خالی کرانے کے دوران کسی بھی ممکنہ ہنگامی صورتحال سے نمٹنے کیلئے مقامی انتظامیہ اور قانون نافذ کرنے والے اداروں کو تیار رہنے کی ہدایت کی ہے۔

سپریم کورٹ نے پیر کے روز اٹارنی جنرل، پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) اور پاکستان عوامی تحریک (پی اے ٹی) کو منگل تک شاہراہِ دستور کلیئر کروانے کا تحریری حکم دیا ہے۔

چیف جسٹس ناصرالملک کی سربراہی میں سپریم کورٹ کے 5 رکنی لارجر بینچ نے ممکنہ ماورائے آئین اقدام کو روکنے سے متعلق درخواستوں کی سماعت کے دوران فریقین کو منگل تک شاہراہ دستور پر آزادانہ نقل وحرکت بحال کرنے کے لیے حکمت عملی بنانے کی ہدایت کی۔

وزیرداخلہ کی زیر صدارت اعلی سطحی اجلاس میں شاہراہ دستور پر دھرنے کے حوالے سے سپریم کورٹ کے فیصلے کا جائزہ لیا گیا۔

چوہدری نثار نے ہدایت کی کہ پولیس اور انتظامیہ کسی بھی ہنگامی صورتحال سے نمٹننے کیلئے تیاری مکمل رکھیں اور سپریم کورٹ کے احکامات پر عمل درآمد کیا جائے۔

اجلاس میں دھرنے کے شرکاء کو متبادل جگہ دینے کا جائزہ لیا گیا اس موقع پر وزیرداخلہ کا کہنا تھا کہ پولیس کے ذریعے حکومتی عمل داری قائم کی جائے گی۔

انہوں نے کہا کہ امید ہے کہ شاہراہ دستور خالی کرانے کا عمل پرامن طریقے سے انجام پائے گا۔

گزشتہ دس دنوں سے جاری پاکستان تحریک انصاف اور پاکستان عوامی تحریک کے دھرنے کے باعث شاہراہ دستور مکمل طور پر بند ہے جہاں پارلیمنٹ ہاؤس اور دوسری اہم سرکاری عمارتیں واقع ہیں۔

دونوں جماعتوں کا مطالبہ ہے کہ وہ وزیر اعظم نواز شریف کے استعفے کے بغیر یہاں سے نہیں جائیں گے۔

تبصرے (0) بند ہیں