اسلام آباد: ملک میں جاری سیاسی بحران کے حل کے لیے گزشتہ روز پیر کو پارلیمنٹ کے اپوزیشن جماعتوں کا ایک اجلاس منعقد ہوا، جس کے دوران وزیراعظم نواز شریف کے استعفے کے مطالبے کو ناقابل قبول قرار دے کر مسترد کردیا گیا۔

ڈان نیوز کے مطابق پارلیمانی جماعتوں کا یہ اجلاس اپوزیشن لیڈر سید خورشید شاہ کے چیمبر میں ہوا۔

دورانِ اجلاس خورشید شاہ کا کہنا تھا کہ آئین میں حکومت کے برطرفی اور وسط مدتی الیکشن کا مکمل طریقۂ کار موجود ہے اور کسی بھی غیر آئینی طریقے سے حکومتی اقتدار کو ختم نہیں کیا جاسکتا ہے۔

اجلاس میں موجود سیاسی صورتحال پر تبادلہ خیال کیا گیا جس میں مولانا فضل الرحمان، محمود خان اچکزئی، آفتاب شیرپاؤ، حاجی عدیل، اعجاز الحق اور ایم کیو ایم کے اقبال محمد علی نے شرکت کی۔

پارلیمانی رہنماؤں نے بعد میں اسپیکر قومی اسمبلی ایاز صادق کے ساتھ بھی ملاقات کی۔

میڈیا سے بات کرتے ہوئے حزبِ اختلاف کے رہنما نے ایک بار پھر غیر آئینی طریقے سے حکومت کو ختم کرنے کے امکان کو مسترد کردیا۔

ان کا کہنا تھا کہ وزیراعظم کے استعفے کے علاوہ حکومت تمام مطالبات کو تسلیم کرنے کے لیے تیار ہے۔

انہوں نے کہا کہ اسپیکر قومی اسمبلی نے ملاقات میں واضح کیا ہے کہ وہ تحریکِ انصاف کے استعفوں پر قانون کے مطابق فیصلہ کریں گے۔

ضرور پڑھیں

تبصرے (0) بند ہیں