اسلام آباد: پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کی جانب سے 2013ء کے انتخابات میں دھاندلی کے الزامات کے حوالے سے الیکشن کمیشن کا اہم اجلاس کل ہوگا۔

نمائندہ ڈان ڈاٹ کام متین حیدر کے مطابق قائم مقام چیف الیکشن کمشنر جسٹس انور ظہیر جمالی کی زیر صدرات ہونے والے الیکشن کمیشن کے اس اہم اجلاس میں الیکشن کمیشن کے چاروں صوبائی ممبران بھی شریک ہوں گے۔

اجلاس میں عمران خان کی جانب سے لگائے گئے اضافی بیلٹ پیپرز کی چھپائی سمیت دیگر الزامات کا جائزہ لیا جائے گا۔

پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کی جانب سے 2013ء کے انتخابات میں دھاندلی کے الزامات کے حوالے سے الیکشن کمیشن کا اجلاس آج بروز منگل ہونا تھا ، تاہم اسے ملتوی کردیا گیا ۔

نمائندہ ڈان نیوز کے مطابق شاہراہ دستور پر راستے بند ہونے کے باعث الیکشن کمیشن کا آج ہونے والا اجلاس کل تک کے لیے ملتوی کردیا گیا۔

نمائندے کے مطابق دھرنے کے شرکاء میں الیکشن کمیشن کے خلاف غم و غصہ پایا جا رہا ہے، جبکہ راستے بند ہونے کے باعث اراکین کو الیکشن کمیشن کے صدر دفتر پہنچنے میں مشکلات کا سامنا کرنا پڑرہا ہے، یہی وجہ ہے کہ آج ہونے والا اجلاس ملتوی کردیا گیا۔

یاد رہے کہ پاکستان تحریک انصاف ( پی ٹی آئی) گزشتہ انتخابات میں ہونے والی دھاندلی کے خلاف کئی روز سے احتجاجاً دھرنا دیے بیٹھی ہے، جس کے باعث شاہراہ دستور بھی بند ہے۔

گزشتہ روز سپریم کورٹ کی جانب سے شاہراہ دستور کو خالی کروانے کے احکامات جاری کیے گئے تھے، تاہم اب تک اسے خالی نہیں کروایا جا سکا ہے۔

تبصرے (0) بند ہیں