اسلام آباد: پاکستان تحریکِ انصاف ( پی ٹی آئی) کے سربراہ عمران خان نے کہا ہے کہ نواز حکومت اپنا اخلاقی جواز کھو چکی ہے۔

ہندوستانی ٹی وی چینل این ڈی ٹی وی کو دیے گئے انٹرویو میں عمران خان نے کہا کہ حکومت برقرار رہ سکتی ہے، لیکن نواز شریف وزارتِ عظمیٰ کے عہدے پر برقرار نہیں رہ سکتے۔

واضح رہے کہ یہ پہلا موقع ہے کہ عمران خان نے موجودہ سیاسی بحران اور اسلام آباد میں 13 روز سے جاری دھرنوں کے دوران کسی ہندوستانی ٹی وی چینل کو انٹرویو دیا ہے۔

ان کا کہنا تھا کہ عدالتی حکم کا اطلاق ہمارے اوپر نہیں ہوتا اس لیے کہ ہم شاہراہ دستور پر موجود نہیں ہیں۔

عمران خان نے کہا 'ہم چاہتے ہیں کہ ان لوگوں کو سزائیں دی جائیں جو انتخابات میں دھاندلی کے ذمہ دار ہیں۔‘

اپنے مطالبات کو منوانے کے لیے عمران خان کی قیادت میں پی ٹی آئی کے ’آزادی مارچ‘ نے چودہ اگست کو لاہور سے اپنا سفر شروع کیا تھا، جو اب تک اسلام آباد کے ریڈ زون میں دھرنا دیے ہوئے ہے۔

عمران خان کا اولین مطالبہ یہ ہے کہ نواز شریف اپنے عہدے سے مستعفی ہوجائیں، اس کے بعد انتخابات میں دھاندلی کی آزادانہ تفتیش کروائی جائے۔

ضرور پڑھیں

تبصرے (0) بند ہیں