اسلام آباد: سابق صدر جنرل (ر) پرویز مشرف نے کہا ہے کہ جمہوریت سے ہی پاکستان کو آگے لے جایا جا سکتاہے، کسی جمہوری حکومت نے پاکستان کو خوشحالی نہیں دی۔

ایک نجی ٹی وی چینل کو انٹرویو میں ان کا کہنا تھا کہ اصل جمہوریت الیکشن کے بعد شروع ہوتی ہے، پاکستان میں سب کو ٹھیک کرنا آسان کام نہیں ہے، جو لوگ خود کو جمہوری کہتے ہیں وہ عوام کے مسائل حل کریں۔

انہوں نے مزید کہا کہ عمران خان نے عوام کو متحرک کردیا، دھرنے میں شرکاء کی کم گنتی بتانے والے خود کو دھوکا دے رہے ہیں، لوگ اتنے پریشان ہیں کہ اتنی سختیوں کے باوجود بیٹھے ہوئے ہیں۔

انٹرویو میں ان کا کہنا تھا کہ طاہر القادری کا تبدیلی کا وژن درست ہے، سسٹم میں تبدیلی لائے بغیر اصل جمہوریت نہیں آئے گی۔

پرویز مشرف نے کہا کہ 1999 اور 2014 میں مماثلت ہے، 1999میں بھی لوگ آرمی چیف کی طرف دیکھ رہے تھے اور آج بھی دیکھ رہے ہیں، فوج اور آرمی چیف اس وقت بھی پوری صورتحال کا جائزہ لے رہی ہوں گے اور ملک کے بہتر مفاد میں ہی فیصلہ کیا جائے گا، فوج قومی مفاد کو مدنظر رکھ کر آئے گی۔

سابق صدر کے مطابق میری وطن واپسی پر کیسز میں پھنسائے جانے کا اندازہ نہیں تھا، عمران خان اور ہم سب اکٹھے ہو جائیں تو نئی قوت بن جائے گی، پاکستان میں ہم خیالوں کی بڑی ضرورت ہے۔

ان کا کہنا تھا کہ یہ وقت انتخابات کا نہیں ہے، اصل جمہوریت اور خوشحالی کے لیے تبدیلی کا مطالبہ ٹھیک ہے، الیکشن سے قبل تبدیلی کے ذریعے نظام بن جائے پھر الیکشن ہونے چاہیے۔

انہوں نے مزید کہا کہ این آر او کرنا میری سب سے بڑی غلطی تھی، این آر او کے تحت پاکستان پیپلز پارٹی (پی پی پی) کے خلاف کیسسز ختم کئے، بینظیر بھٹونے تیسری بار وزیراعظم بننے کا کہا تھا جس کے بدلے میں بینظیر بھٹو نے کیسز ختم کرنے کا کہا تھاجبکہ بینظیر سے ڈیل ہوئی تھی کہ انتخابات سے پہلے وہ پاکستان نہیں آئیں گی۔

انہوں نے کہا کہ 2008 میں میری مقبولیت کم ہوئی تو سوچا مجھے چلا جانا چاہیے اور چلا گیا، بہت سے لوگ چاہتے تھے کہ نہ جاؤں۔

پرویز مشرف نے کہا کہ امریکا پاکستان کے اندرونی معاملات میں مداخلت نہ کرے، بینظیر کے انتخابات سے پہلے وطن واپسی میں بھی امریکا کا کردار تھا۔

سابق صدر نے کہا کہ غیر یقینی صورت حال ہے اس کو حل ہونا چاہیے، ٹی وی پر ایکشن مووی چل رہی ہے جس سے قوم پریشان ہے، سابق ایڈیشنل سیکریٹری الیکشن کمیشن افضل خان نے سب واضح کر دیا ہے جس سے سابق چیف جسٹس افتخار چوہدری سب کے سامنے آگئے ہیں، ملک کا درد رکھنے والوں کو کردار ادا کرنا ہوگا، قومی مفاد کی خاطر میڈیا کے سامنے آیا ہوں۔

تبصرے (1) بند ہیں

Sayyed Aamir Ali Aug 27, 2014 12:04pm
پاکستان کا مسیحا ۔ صرف اور صرف پرویز مشرف