لاہور: پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے اراکین نے پنجاب اسمبلی میں اپنے استعفے جمع کرا دیے ہیں۔

نمائندہ ڈان نیوز عارف ملک کے مطابق اٹھائیس اراکین کے استعفے پنجاب اسمبلی میں اپوزیشن لیڈر اور پی ٹی آئی کے رہنما محمود الرشید کو موصول ہو گئے تھے، جنہوں نے یہ استعفے پنجاب اسمبلی سیکریٹریٹ میں جمع کرادیے۔

ان کا کہنا تھا کہ پنجاب حکومت کی ناقص کارکردگی سب کے سامنے ہے اور تحریک انصاف حکومتی کارکردگی کے خلاف وائٹ پیپر بھی جاری کرے گی۔

واضح رہے کہ پنجاب اسمبلی میں تحریک انصاف کے اراکین کی تعداد تیس ہے۔

اٹھائیس اراکین کے استعفے جمع کرائے جا چکے ہیں جبکہ دو اراکین کے استعفے بھی جمع کرا دیئے جائیں گے۔

پنجاب اسمبلی میں اپوزیشن لیڈر محمود الرشید نے پریس کانفرنس کرتے ہوئے کہا کہ حکومت4 حلقوں کوکھولنےکے لیے تیار نہیں اور مذکورہ حلقےنہ کھولنے سے ظا ہر ہے کہ الیکشن میں دھاندلی ہوئی۔

ان کا کہنا تھا کہ حکومت دھاندلی کی پیداوارہے اورحکمران غیرآئینی اور غیرقانونی طور پر قابض ہیں۔

یاد رہے کہ 22 اگست کو تحریک انصاف کے مرکزی رہنماؤں شاہ محمود قریشی، عارف علوی اور شیریں مزاری نے عمران خان سمیت چونتیس اراکین قومی اسمبلی کے استعفے اسپیکر قومی اسمبلی کے پاس جمع کرائے تھے۔

آج تحریک انصاف نے پنجاب اسمبلی میں بھی اپنے استعفے جمع کرا دیے ہیں۔

ضرور پڑھیں

تبصرے (0) بند ہیں