لاہور: پاکستان عوامی تحریک (پی اے ٹی) نے اسمبلیوں کی تحلیل کے لیے لاہور ہائی کورٹ میں درخواست جمع کرا دی ہے۔

نمائندہ ڈان نیوز توقیر گھمن کے مطابق پی اے ٹی پنجاب کے صدر عبدالقیوم خان نے لاہور ہائی کورٹ میں ایک درخواست جمع کرائی ہے، جس میں موقف اختیار کیا گیا ہے کہ اراکین اسمبلی آئین کے آرٹیکل 62 اور 63 پر پورا نہیں اترتے۔

درخواست میں کہا گیا ہے کہ اراکینِ اسمبلی اپنے علاقوں میں کرائے جانے والے ترقیاتی کاموں پر بھی کمیشن حاصل کرتے ہیں، جو کرپشن کے زمرے میں آتا ہے۔

عدالت سے درخواست کی گئی ہے کہ الیکشن کمیشن کے حوالے سے بھی بہت سے انکشافات ہو چکے ہیں اور اب اخلاقی اور قانونی طور پر قومی اور صوبائی اسمبلیوں کے قائم رہنے کا کوئی جواز نہیں رہتا، لہٰذا عدالت ان اسمبلیوں کو فوری طور پر تحلیل کرنے کا حکم جاری کرے۔

آئین ِ پاکستان کے آرٹیکل 62 اور 63 کے تحت برے کردار، اسلامی تعلیمات کے مخالف، فاسق، بے ایمان یا سزا یافتہ شخص پارلیمنٹ کا رکن بننے یا چنے جانے کا اہل نہیں ہو سکتا۔

تبصرے (0) بند ہیں