واشنگٹن: امریکا کا کہنا ہے کہ وہ اسلام آباد کے ڈی چوک پر جاری دھرنوں کے باعث پیدا ہونے والے سیاسی بحران کی مسلسل نگرانی کررہا ہے اور اب یہ صورتحال ایک پرامن حل کی جانب بڑھ رہی ہے۔

واشنگٹن میں ایک نیوز بریفنگ کے دوران امریکی اسٹیٹ ڈیپارٹمنٹ کی ترجمان جین ساکی نے ایک مرتبہ پھر پاکستانی حکومت اور مظاہرین پر زور دیا کہ وہ تحمل کا مظاہرہ کریں اور کسی بھی ایسے اقدام سے گریز کریں جس سے جمہوریت کو نقصان پہنچنے کا اندیشہ ہو یا صورتحال مزید کشیدہ ہو۔

جین ساکی کا کہنا تھا کہ 'ہم اسلام آباد میں مظاہروں کی مسلسل نگرانی کررہے ہیں اور ہم دونوں فریقین پر زور بھی دے رہے ہیں کہ وہ کسی بھی محاذ آرائی اور غیر آئینی اقدام سے گریز کریں'۔

ان کا کہنا تھا کہ پر امن مظاہرے اور آزادیِ رائے جمہوریت کا ایک حسن ہے، لیکن فریقن کو تحمل سے کام لینا چاہیٔے۔

گزشتہ کئی ہفتوں سے پاکستان اور ہندوستان کے درمیان سرحد پر جاری کشیدگی اور فائرنگ کے واقعات سے متعلق ایک سوال کے جواب میں جین ساکی نے کہا امریکی حکام نے دونوں ملکوں پر زور دیا ہے کہ وہ مذاکرات کے ذریعے اس کشیدگی کا خاتمہ کریں۔

ان کا مزید کہنا تھا کہ ہم دونوں ملکوں کے درمیان مذاکرات کی حمایت کرتے ہیں۔

ضرور پڑھیں

تبصرے (0) بند ہیں