کراچی: پاکستان کے سب سے بڑے شہر کراچی میں آج جمعہ کی صبح فائرنگ کے مختلف واقعات میں کم سے کم چار افراد ہلاک ہوگئے ہیں۔

ڈان نیوز ٹی وی کے مطابق شاہ لطیف ٹاؤن میں ایک شخص کی بوری میں بند لاش برآمد ہوئی جس کو گولیاں مار کر ہلاک کیا گیا تھا۔

اس کے کچھ دیر کے بعد ہی اورنگی ٹاؤن میں کے علاقے قصبہ موڑ پر نامعلوم افراد نے فائرنگ کردی جس کے نتیجے میں ایک شخص ہلاک اور دو زخمی ہوگئے۔

ہلاک ہونے والا شخص ایک سیاسی جماعت کا کارکن بتایا جاتا ہے جس کی لاش کو بعد میں ہستپال منتقل کردیا۔

اس سے قبل ملیر جام گوٹھ کے علاقے سے دو بوری بند لاشیں برآمد ہوئیں۔

پولیس کا کہنا ہے کہ دونوں افراد کو فائرنگ کر کے ہلاک کیا گیا ہے، جبکہ لاشوں کی ابھی تک شناخت نہیں ہوسکی۔

خیال رہے کہ کراچی شہر میں گزشتہ سال ستمبر سے رینجرز اور پولیس کا ٹارگیٹڈ آپریشن جاری ہے اور رینجرز حکام کی جانب سے متعدد مشتبہ افراد کو گرفتار اور ہلاک کرنے کے دعووں کے باوجود اب تک شہر میں مکمل طور پر امن بحال نہیں ہوسکا ہے۔

شہر میں پولیس اہلکاروں کو نشانہ بنانے کے علاوہ فرقہ وارانہ ٹارگٹ کلنگ کا سلسلہ بھی جاری ہے۔

تبصرے (0) بند ہیں