آج کل جہاں ہر روز نت نئے انکشافات ہو رہے ہیں ، وہیں ایک اہم چونکا دینے والی خبر یہ بھی ہے کہ پاکستانی ماڈل اور اداکار متھیرا کے ہاں بیٹے کی پیدائش ہوئی ہے۔

جی ہاں، اگر یقین نہ آئے تو متھیرا کے آفیشل ٹوئٹر اکاؤنٹ پر موجود ان کی تصاویر دیکھیے۔

اس سے قبل انھوں نے 27 اگست کو اپنے ٹوئٹر اکاؤنٹ پر چھوٹے بچوں کے کپڑوں کی تصاویر پوسٹ کر کے اپنے فینز کو اشارہ دینے کی کوشش کی۔

متھیرا تحریک انصاف اور عمران خان کی بھی بڑی فین ہیں، یہی وجہ ہے کہ ہسپتال سے بھی انھوں نے اپنی ایک تصویر ٹوئٹر پر پوسٹ کی، جس میں انھوں نے عمران خان کے لیے اپنے جذبات کا اظہار کیا۔

متھیرا اپنے فینز کو مسلسل خوشگوار شاکنگ نیوز دیئے چلی جا رہی ہیں، اس سے قبل متھیراکی خفیہ شادی کے حوالے سے بھی خبریں زبان زد عام تھیں، لیکن اب بیٹے کی پیدائش نے متھیرا کی شادی کی خبروں کی مزید تصدیق کر دی ہے۔

تاہم کچھ افراد کی جانب سے انھیں شادی اور بچے کی پیدائش پر تنقید کا نشانہ بنائے جانے پر متھیرا نے یہ کہہ کر اپنی بات کلیئر کرنے کی کوشش کی کہ وہ کسی کو جواب دینے کی پابند نہیں ہیں۔

ہر نئے تنازعے کے ساتھ مزید شہرت حاصل کرنے والی بائیس سالہ متھیرا کا دھماکہ خیز سفر یوگی، ٹی وی میزبان، گلوکار اور رقاصہ کی حیثیت سے آگے بڑھا۔

متھیرا پاکستانی شوبز انڈسٹری میں کافی متنازعہ شخصیت رہی ہیں، جنھیں ان کے بولڈ انداز نے شہرت دلائی اور ساتھ ہی بےشمار تنقید بھی ان کے حصے میں آئی۔

متھیرا کی شادی سے متعلق انکشاف نے بھی کافی ہلچل مچائی، جس کے بارے میں ان کے قریبی دوستوں اور رشتے داروں کے علاوہ کسی کو معلوم نہیں تھا۔

ہاں لیکن اپنی شادی کے حوالے سے ڈان کو دیئے گئے انٹرویو میں نھوں نے مزید سرپرائز کا ذکر ضرور کیا تھا، 'ابھی متھیرا مزید سرپرائز دے گی، ایک سے بڑھ کر ایک، میں واپس آرہی ہوں ڈارلنگ' اور وہ سرپرائز یقیناً ان کا بچہ ہی تھا۔

تبصرے (0) بند ہیں