پاکستان کے بعد ہندوستان میں دھوم مچا دینے والے اداکار فواد خان نے اس خبر کی تردید کی ہے کہ انہوں نے کرینہ کپور کے مدِمقابل یش راج کی کوئی فلم سائن کی ہے۔

انڈین میڈیا کو دیئے گئے ایک انٹرویو میں فواد نے واضح کیا کہ انہیں پیشکش تو ہوئی ہے مگر ابھی تک اس پر کچھ طے نہیں ہوا۔

فواد خان کی پہلی بولی وڈ فلم 'خوبصورت' 19 ستمبر کو ریلیز ہو رہی ہے اور انڈین سینما کا یہ نیا سٹار میڈیا کی توجہ کا مرکز بنا ہوا ہے۔

جب حال ہی میں یہ پوچھا گیا کہ کیا علی ظفر ان کے حریف ہیں تو فواد کا کہنا تھا کہ ہم دونوں کا موازنہ نہیں کیا جاسکتا اور نہ میرا ایسا کوئی ارادہ ہے۔

ان کا کہنا تھا کہ وہ اپنے اور علی ظفر کے موازنے کے خیال کو زیادہ پسند نہیں کرتے۔

انہوں نے علی ظفر کو سراہتے ہوئے کہا کہ وہ علی ظفر کے بولی وڈ میں آنے سے بھی پہلے سے پرستار ہیں۔

فواد نے کہا کہ علی ظفر اپنا کام اور اپنا راستہ خود بنا رہا ہے، میں ابھی نیا ہوں اور مجھے خود کو وقت دینا ہوگا کہ میں کب تک یہاں رہ پاتا ہوں۔

اپنی ڈیبیو بولی وڈ فلم کے بارے میں فواد خان نے کہا کہ وہ شائقین کے ردعمل کے حوالے سے نروس ہیں کیونکہ ان کے پرستاروں کی تعداد بہت زیادہ ہے اور ان کی توقعات بھی بہت زیادہ ہیں۔

تبصرے (0) بند ہیں