لولی وڈ فلم 'نامعلوم افراد' کو اس سال اکتوبر میں عید الاضحیٰ کے موقع پر ریلیز کرنے کا اعلان کیا گیا ہے، پاکستان بھر میں فلم کے ڈسٹری بیوٹرز ایور ریڈی پکچرز اور ہم فلمز ہوں گے۔

پاکستانی فلم کو ایسے موقع پر ریلیز کیا جا رہا ہے جب بولی وڈ کی دو بڑی فلموں 'حیدر اور بینگ بینگ' بھی ریلیز ہو رہی ہیں، فلم 'حیدر' میں ہندوستانی اداکار شاہد کپور اور شردھا کپور جبکہ 'بینگ بینگ' میں ریتک روشن اور کترینہ کیف مرکزی کردار ادا کر رہے ہیں۔

سرحد پار سے ریلیز ہونے والی ان دو بڑی فلموں کے بزنس سے پاکستانی فلم 'نامعلوم افراد' کے باکس آفس پر جو اثر پڑ سکتا ہے اس حوالے سے فلم کے پروڈیوسرز قطعی پریشان نہیں ہیں۔

فلم والا کے کرتا دھرتا فراز علی مرزا اور مہدی علی کا کہنا ہے کہ انہیں اس بات کا پورا یقین ہے کہ ان کی فلم بولی وڈ فلموں کے مقابلے میں ملک بھر کے سینماؤں اور ملٹی پلیکس پر دھماکے دار اور زبردست بزنس کرے گی۔

فلم کے پروڈیوسرز کا کہنا ہے کہ 'نامعلوم افراد' کی کہانی اچھوتی اور اداکاروں کی پرفارمنس شاندار ہے کیونکہ ابھرتی ہوئی پاکستانی فلم انڈسٹری اس قابل ہوچکی ہے کہ بولی وڈ فلموں کو کسی بھی لمحے اور کسی بھی موقع پر کانٹے کی ٹکر دے سکتی ہے، بالکل اسی طرح جیسے گزشتہ سال عیدالضحیٰ پر 20 کروڑ سے زائد کا بزنس کرنے والی بلال لاشاری کی سپر ہٹ فلم 'وار' ثابت ہوئی تھی۔

'نا معلوم افراد' کی کاسٹ میں ملک کے نامور فنکار شامل ہیں، فلم اور ٹی وی کے مشہور اداکار جاوید شیخ اور سلمان شاہد کے ساتھ ساتھ نوجوانوں کے ہر دلعزیز اداکار فہد مصطفیٰ اور مہوش حیات جبکہ ابھرتی ہوئی اداکار عروا حسین اور معروف مزاحیہ اداکار محسن عباس حیدر اپنی شاندار پرفارمنس سے فلم بینوں کے دل جیتیں گے۔

'نامعلوم افراد' ایک کامیڈی تھرلر فلم ہے، اس کی کہانی تین ایسے مزیدار کرداروں کے گرد گھومتی ہے جو اپنے خوابوں اور ارمانوں کو پورا کرنے کے چکر میں پڑنے کے بعد بالآخر ایسے پھنستے ہیں کہ انہیں اپنی جان کے لالے پڑ جاتے ہیں۔

کہانی میں فلم کے تینوں کردار حادثاتی طور پر ہمارے آس پاس ہوئے روز مرہ کے حالات و واقعات سے جڑے ہیں لیکن ان کی نہایت سادہ زندگی میں یکے بعد دیگرے ایسے ایسے گھماؤ آتے ہیں کہ ان کی زندگی کی کہانی نہایت مزاحیہ بن جاتی ہے۔

یاد رہے کہ فلم کی کہانی کا ٹائٹل اگرچہ روز مرہ کی خبروں میں نا معلوم افراد سے مشابہہ ہے مگر اس فلم کی کہانی کا تعلق ان نامعلوم افراد کی زندگی سے بالکل نہیں ہے۔

ضرور پڑھیں

تبصرے (0) بند ہیں