مشکوک باؤلنگ ایکشن: سعید اجمل پر پابندی

اپ ڈیٹ 11 ستمبر 2014
پاکستانی اسٹار آف اسپنر سعید اجمل—۔فائل فوٹو
پاکستانی اسٹار آف اسپنر سعید اجمل—۔فائل فوٹو

اسلام آباد: پاکستان کرکٹ بورڈ نے سٹار آف سپن باؤلر سعید اجمل پر پابندی کے خلاف اپیل کرنے کا فیصلہ واپس لے لیا۔

انٹرنیشنل کرکٹ کونسل (آئی سی سی ) نے منگل کو اجمل کے باؤلنگ ایکشن کو مشکوک قرار دیتے ہوئے ان پر پابندی عائد کر دی ہے۔

چھتیس سالہ باؤلر اپنا ایکشن درست کیے بغیر انٹرنیشنل کرکٹ نہیں کھیل پائیں گے، تاہم اجمل اس فیصلے کے خلاف پندرہ دن کے اندر اپیل کرسکتے ہیں۔

آئی سی سی کا فیصلہ سامنے آنے کے فوراً بعد پی سی بی کے چیئرمین شہریار خان نے لاہور میں کہا کہ وہ فیصلے کے خلاف اپیل کریں گے۔

تاہم، کچھ ہی گھنٹوں بعد شہریار خان اپیل نہ کرنے کے فیصلے سے پیچھے ہٹ گئے۔ انہوں نے ایک جاری بیان میں بتایا کہ معاملہ اب بورڈ کی ایک جائزہ کمیٹی میں بھیجا جائے گا۔

خان کا کہنا ہے کہ کمیٹی کی سفارشات پر غور کے بعد ہی کوئی اگلا قدم اٹھایا جائے گا۔

یاد رہے کہ پاکستان اور سری لنکا کے درمیان گال میں کھیلے گئے ٹیسٹ کے دوران آفیشلز اور امپائرز نےسعید اجمل کے باؤلنگ ایکشن پر اعتراض کیا تھا۔

جس کے بعد اگست کے آخری ہفتے آسٹریلیا میں ان کے باؤلنگ ایکشن کی جانچ پڑتال ہوئی۔

آئی سی سی کی جانب سےمنگل کو جاری بیان میں کہا گیا ہے کہ اجمل کا باؤلنگ ایکشن عالمی معیار کے مطابق نہیں اور وہ اب انٹرنیشنل کرکٹ میں باؤلنگ نہیں کروا سکیں گے۔


مزید پڑھیں: "دوسرا" پر آئی سی سی کا پہلا وار


سن 2012 میں انگلینڈ کو تاریخی وائٹ واش کے ذریعہ شہرت کی بلندیوں پر پہنچنے والے سعید اجمل نے مجموعی طور پر 35 ٹیسٹ میچوں میں 178 وکٹیں اپنے نام کیں۔

سعید اجمل ایک روزہ کرکٹ کی عالمی رینکنگ میں بھی سرفہرست ہیں۔

ایک ایسے وقت میں جب کہ اگلے ماہ پاک آسٹریلیا کرکٹ سیریز کا آغاز ہونے والا ہے، سعید اجمل پر پابندی پاکستان کرکٹ ٹیم کے لیے ایک بڑا دھچکا ہے اور اس سے پاکستانی بالنگ اٹیک شدید دباؤ میں آجائے گا۔

اس تناظر میں آسٹریلیا کے خلاف اگلے ماہ شروع ہونے والی سیریز کے لیے لاہور لائنز کے 33 سالہ عدنان رسول کو اسٹینڈ بائے رہنے کے لیے کہہ دیا گیا ہے۔

عدنان اور عاطف کے علاوہ پاکستانی ٹیم عبدالرحمان اور ذوالفقار بابر پر بھی آسٹریلیا کے خلاف انحصار کرے گی۔

تبصرے (1) بند ہیں

سعید اجمل Sep 09, 2014 01:46pm
پاکستان کرکٹ کے لیے افسوس ناک ترین دنوں میں سے ایک ہے