بونیر: صوبہ خیبر پختونخوا کے ڈسٹرکٹ بونیر میں قومی وطن پارٹی (کیو ڈبلیو پی) کے رہنما پرواز خان کو نامعلوم مسلح افراد نے فائرنگ کرکے ہلاک کردیا۔

پولیس ذرائع کے مطابق پرواز خان کو پیر بابا کے علاقے گوکند درہ میں ان کے گھر کے سامنے نامعلوم مسلح افراد نے فائرنگ کا نشانہ بنایا۔

پولیس نے واقعے میں ملوث ایک ملزم کو گرفتار کرلیا جبکہ تین ملزم فرار ہونے میں کامیاب ہو گئے۔

دگر پولیس اسٹیشن کے ایس ایچ او جاوید خان نے ڈان ڈاٹ کام کو بتایا کہ واقعہ ذاتی دشمنی کا نتیجہ معلوم ہوتا ہے تاہم اس حوالے سے تفتیش کی جارہی ہے۔

یاد رہے کہ پرویز خان کے بھائی عدالت خان بھی اپنے ایک دوست اور گارڈ کے ہمراہ رواں سال 22 فروری کو دگر ڈسٹرکٹ کورٹس کےقریب ریموٹ کنٹرول بم دھماکے میں ہلاک ہو گئے تھے۔

تبصرے (0) بند ہیں