’دوسرا‘ غیر قانونی نہیں، ثقلین

اپ ڈیٹ 16 ستمبر 2014
۔—اے ایف پی فوٹو۔
۔—اے ایف پی فوٹو۔

اسپن کے ریٹائرڈ بادشاہ ثقلین مشتاق نے اپنی ایجاد کردہ گیند ’دوسرا‘ کا دفاع کرتے ہوئے اسےقانونی قرار دیا ہے۔

یاد رہے کہ سعید اجمل کے باؤلنگ ایکشن پر پابندی لگنے کے بعد دوسرا کی شفافیت پر ایک بار پھر سوالات اٹھنا شروع ہو گئے ہیں اور اسے متنازع تصور کیا جانے لگا ہے۔

دوسرا عام اسپن باؤلنگ سے مختلف ہے جہاں گیند روایتی طور پر سیدھے ہاتھ کے بلے باز کے سامنے پڑ کر اندر آنے کے بجائے باہر کی جانب ٹرن کرتی ہے۔

لیکن دوسرا کو مختلف حلقے خصوصاً آسٹریلین اور انگلش ماہرین تنقیدی نگاہ سے دیکھتے ہوئے متانزع قرار دیتے ہیں جہاں ان کا کہنا ہے کہ دوسرا کرتے ہوئے گیند باز کا ہاتھ 15 ڈگری سے زیادہ خم کھاتا ہے۔

ایک روزہ کرکٹ میں 288 اور ٹیسٹ میچز میں 208 وکٹیں لینے والے ثقلین نے اے ایف پی سے گفتگو کرتے ہوئے تنقید نگاروں کو غلط قرار دیا۔ ’کون کہتا ہے کہ دوسرا غیر قانونی ہے‘۔

انہوں نے کہا کہ اسے مقررہ قوانین کے اندر پھینکا جا سکتا ہے، یہ گیند کرنا آسان نہیں لیکن باؤلر مہارت حاصل کر لے تو وہ مقررہ قوانین کے اندر رہتے ہو ئے گیند پھینک سکتا ہے۔

ثقلین نے کہا کہ دوسرا کرنے کے لیے آپ کے پٹھوں کو مضبوط ہونا چاہیے اور ساتھ ساتھ فٹنس، گیند پر کنٹرول اور ردھم بھی بہت اہمیت کی حامل ہے، اگر ان میں سے ایک چیز کی بھی کمی ہوئی تو باؤلر مقررہ حد سے تجاوز کر جائے گا۔

لاہور سے تعلق رکھنے والے آف اسپنر نے کہا کہ انہوں نے ٹینس بال سے کرکٹ کھیلتے ہوئے دوسرا ایجاد کی۔

’میں لاہور میں اپنے گھر کی چھت پر بھائی اور کزن کے ہمراہ کھیلتا تھا اور ٹینس بال کی مدد سے دوسرا کرنے کی کوشش کرتا تھا۔

انہوں نے بتایا کہ جب گیند روایتی انداز میں ٹرن ہونے کے بجائے دوسری جانب گھومی تو میں بہت پرجوش تھا۔

’میں مسلسل کوشش کرتا رہا اور مہارت حاصل کی اور جب میں کلب میچز کھیلتا تھا تو بلے بازوں کو دوسرا کے ذریعے دھوکا دیتا تھا اور میچ جیتنے پر مجھے ٹیم کھانے یا لنچ پر لے کر جاتی تھی، اور یہیں سے میں پاکستانی ٹیم میں آیا‘۔

ثقلین سعید اجمل کا باؤلنگ ایکشن ٹھیک کرانے کے لیے آئندہ ہفتے لاہور پہنچ رہے ہیں۔

ثقلین نے امید ظاہر کی کہ وہ اجمل کا باؤلنگ ایکشن ٹھیک کرانے میں کامیاب ہو جائیں گے۔

’میں ان کی مدد کرنے کے لیے انتہائی پرامید ہوں۔ میں کوئی گارنٹی نہیں دیتا لیکن ان کی رپورٹ اور فوٹیج دیکھنے کے بعد اپنی مکمل کوشش کروں گا۔

ضرور پڑھیں

تبصرے (0) بند ہیں