پی ٹی آئی مظاہرین اور پولیس کے درمیان معمولی تصادم

16 ستمبر 2014
پی ٹی آئی کے حامی پارٹی پرچم اٹھائے مارچ کرتے ہوئے— اے ایف پی فوٹو
پی ٹی آئی کے حامی پارٹی پرچم اٹھائے مارچ کرتے ہوئے— اے ایف پی فوٹو

اسلام آباد :اسلام آباد کے ریڈ زون میں منگل کو رات گئے پولیس اور پاکستان تحریک انصاف کے اراکین کے درمیان اس وقت معمولی تصادم ہوا جب پارٹی کے پانچ حامیوں کو حراست میں لے لیا گیا۔

پی ٹی آئی کے پانچ اراکین اسلام آباد کے نادرا چوک کے راستے دھرنے کے مقام کی جانب جارہے تھے کہ پولیس نے انہیں حراست میں لے لیا۔

جیسے ہی گرفتاری کی اطلاع دھرنے کے شرکاءتک پہنچی تو وہ پارٹی رہنماﺅں کی ہدایات پر ریڈیو پاکستان کی عمارت کی جانب بڑھے تاکہ گرفتاریوں کے خلاف پرامن احتجاج کیا جاسکے۔

اس مقام پر تعینات پولیس اہلکاروں نے مظاہرین کی پیشرفت کو روکنے کی کوشش کی جس کے نتیجے میں تصادم شروع ہوگیا جو آدھے گھنٹے تک جاری رہا۔

اس موقع پر عمران خان کے کنٹینر سے تصادم روکنے اور پولیس سے حراست میں لیے گئے کارکنوں کو رہا کرنے کی درخواست لاﺅڈ اسپیکرز کے ذریعے کی گئی۔

پاکستان عوامی تحریک کے صدر راحیق عباسی نے بھی پی اے ٹی سربراہ طاہر القادری کے کنٹینر سے پولیس سے پی ٹی آئی ورکرز کو رہا کرنے کی درخواست کی تاکہ کسی ناخوشگوار واقعہ سے بچا جاسکے، جس پر پولیس نے ان افرد کو رہا کردیا۔

یہ بات واضح نہیں کہ کس نے دھرنے کے مقام میں تبدیلی کا اعلان کیا تھا، خیبرپختونخوا کے صوبائی وزیر اعلی خان گنڈا پور پی ٹی آئی اس مقام پر موجود واحد رہنماءتھے جو لوگوں کو روکنے کی کوشش کرتے رہے۔

پی ٹی آئی مظاہرین دھرنے کے اصل مقام کی جانب واپس آگئے اور اپنے ساتھیوں کی رہائی کا جشن منانے لگے۔

ضرور پڑھیں

تبصرے (0) بند ہیں