حافظ سعید کہیں بھی نقل و حرکت میں آزاد ہیں، پاکستان

اپ ڈیٹ 16 ستمبر 2014
امیر جماعت الدعوۃ حافظ سعید—۔فوٹو رائٹرز
امیر جماعت الدعوۃ حافظ سعید—۔فوٹو رائٹرز

نئی دہلی: ہندوستان میں تعینات پاکستانی ہائی کمیشنر عبدالباسط نے کہا ہے کہ جماعۃ الدعوۃ کے سربراہ حافظ سعید کے خلاف کوئی کیس موجود نہیں ہے اس لیے وہ پاکستان میں کہیں بھی نقل و حرکت کرنے میں آزاد ہیں۔

ٹائمز آف انڈیا کی ایک رپورٹ کے مطابق پاکستانی ہائی کمشنر کا کہنا تھا کہ حافظ سعید پاکستانی شہری ہیں اس لیے وہ نقل حرکت میں آزاد ہیں۔ انہوں نے کہا کہ 'وہ (حافظ سعید) آزاد شہری ہیں اس لیے جہاں تک پاکستان کا تعلق ہے تو اس میں کوئی مسئلہ نہیں ہے۔ عدالتوں نے انہیں کلیئر کیا ہے اور ان کے خلاف کوئی کیس موجود نہیں ہے'۔

عبدالباسط کے بیان پر اپنے ردعمل میں ہندوستان کی وزارت خارجہ امور کا کہنا ہے کہ پاکستان جماعۃ الدعوۃ کے سربراہ کے خلاف صرف اس لیے کارروائی نہیں کر رہا کیونکہ وہ اس کا شہری ہے۔

انڈین وزارت خارجہ نے حافظ سعید کو ممبئی حملوں کا ماسٹر مائنڈ قرار دیا ہے۔

ہندوستانی وزارت خارجہ کے ترجمان سید اکبرعلی کا کہنا تھا کہ 'حافظ سعید کے بارے میں ہمارے خیالات بالکل واضح ہیں۔ ہمارے نزدیک وہ ممبئی حملوں کے ذمہ دار ہیں اور انہیں ہندوستانی عدالت نے اس سلسلے میں مجرم بھی قرار دیا تھا'۔

ترجمان کا کہنا تھا کہ 'ہم بارہا پاکستان سے کہہ چکے ہیں کہ وہ اس سلسلے میں حافظ سعید کے خلاف عدالتی کارروائی کرے، تاہم وہ اس لیے آزاد ہے کیوں کہ وہ ایک پاکستانی شہری ہے'۔

ضرور پڑھیں

تبصرے (0) بند ہیں