رائے پور: پاکستان کی ڈومیسٹک ٹی ٹوئنٹی چیمپیئن ٹیم لاہور لائنز انڈیا میں جاری چیمپیئنز لیگ کے فائنل راؤنڈ میں پہنچ گئی۔

منگل کو لائنز نے ایونٹ کے کوالیفائنگ راؤنڈ میں سری لنکن ٹی ٹوئنٹی چیمپیئن ساؤدرن ایکسپریس کو شکست دی تاہم اس کا فائنل راؤنڈ میں پہنچنا ممبئی انڈینز اور ناردرن ڈسٹرکٹ کے درمیان میچ کے نتیجے سے مشروط تھا۔

انڈینز کی ڈسٹرکٹ کے ہاتھوں شکست کے بعد پہلی مرتبہ پاکستان کی کوئی ڈومیسٹک ٹیم چیمپئنز ٹرافی کے فائنل راؤنڈ میں پہنچی گئی ہے۔

رائے پورمیں کھیلے گئے کوالیفائنگ راؤنڈ کے اہم میچ میں سری لنکا کی ڈومیسٹک چیمپیئن سدرن ایکسپریس نے ٹاس نے جیت کرلاہور لائنز کو بیٹنگ کی دعوت دی۔

لاہور لائنز کی اننگ کا آغاز بہتر تھا لیکن پھر 52 کے مجموعے تک پہنچتے پہنچتے لائنز تین ابتدائی بلے بازوں سے ہاتھ دھو بیٹھی۔

اس موقع پر کپتان محمدحفیظ نے ذمہ دارانہ بیٹنگ کرتے ہوئے ٹیم کی پوزیشن مستحکم کی، حفیظ نے پانچ چوکوں اورچارچھکوں کی مدد سے 67 رنز کی اننگز کھیلی جبکہ سعد نسیم نے 31 رنز بنا کر کپتان کا ساتھ نبھایا۔

لاہور لائنز نے مقررہ بیس اوورز میں چھ وکٹوں کے نقصان پر ایک سو چونسٹھ رنز بنائے، سدرن ایکسپریس کے فرویز مہاروف نے تین کھلاڑیوں کو آؤٹ کیا۔

جواب میں اعزاز چیمہ کی شاندار باؤلنگ نےسدرن ایکسپریس کو ابتداء میں ہی مشکلات سے دوچار کردیا اور 36 رنز پر اس کے تین کھلاڑی پویلین لوٹ گئے۔

کپتان جیہان مبارک نے کچھ مزاحمت کی لیکن وہ بھی 35 رنز بناکر ہمت ہار گئے اور اس کے بعد سدرن ایکسپریس کا کوئی بھی کھلاڑی جم کرنہ کھیل سکا۔

ایکسپریس کی پوری ٹیم 16ویں اوور میں 109 رنز پر ڈھیر ہوگئی اور لائنز نے 55 رنز کی فتح اپنے نام کرنے کے ساتھ ساتھ اگلے راؤنڈ تک رسائی کی امیدیں بھی برقرار رکھیں۔

لاہور کی ٹیم کی جانب سے اعزاز چیمہ نے تین جبکہ وہاب ریاض اور عدنان رسول نے دو دو وکٹیں حاصل کیں۔

تبصرے (0) بند ہیں