نئے آئی ایس آئی چیف کا اعلان آئندہ ہفتے متوقع، رپورٹ

18 ستمبر 2014
وزیر اعظم نواز شریف اور آرمی چیف جنرل راحیل شریف۔ فائل فوٹو
وزیر اعظم نواز شریف اور آرمی چیف جنرل راحیل شریف۔ فائل فوٹو

راولپنڈی: انٹر سروسز انٹیلی جنس(آئی ایس آئی) کے نئے ڈائریکٹر جنرل کے نام کا اعلان آئندہ ہفتے کیے جانے کا امکان ہے جبکہ اس کے ساتھ ساتھ فوج کے پانچ نئے لیفٹننٹ جنرلز کی تعیناتیوں کا اعلان بھی کیا جائے گا۔

معتبر ذرائع نے بی بی سی اردو کو بتایا کہ آرمی چیف جنرل راحیل شریف کچھ فوجی کام کو میجر جنرل کے عہدے سے لیفٹننٹ جنرل کے منصب پر ترقی دینا چاہتے ہیں۔

ان تمام تعیناتیوں کا اعلان ڈی جی آئی ایس آئی کی تعیناتی سے قبل کیا جائے گا تاکہ کسی ایک لیفٹننٹ جنرل کو انٹیلی ایجنسی کے اعلیٰ ترین عہدے کے لیے منتخب کیا جا سکے۔

واضح رہے کہ آئی ایس آئی کے موجودہ سربراہ لیفٹننٹ جنرل ظہیر الاسلام اور پانچ لیفٹننٹ جنرل اکتوبر کے پہلے ہفتے میں ریٹائر ہونے والے ہیں۔

یہ تعیناتیاں ایک ایسے موقع پر کی جارہی ہیں جب فوج پر سیاست میں مداخلت کے الزامات عائد کیے جا رہے ہیں، حالانکہ یہ ریٹائرمنٹ اور تعیناتیاں کسی طور مشکوک نہیں لیکن موجودہ حالات میں یہ دلچسپی سے خالی بھی نہیں۔

اکتوبر میں ریٹائر ہونے والے فوجی حکام میں آئی ایس آئی سربراہ لیفنٹنٹ جنرل ظہیر الاسلام سمیت کور کمانڈر منگلہ لیفٹننٹ جنرل طارق خان، کور کمانڈر گوجرانوالہ لیفٹننٹ جنرل سلیم نواز، کور کمانڈر پشاور لیفٹننٹ جنرل خالد ربانی اور کور کمانڈر کراچی لیفٹننٹ جنرل سجاد غنی شامل ہیں۔

یہ تمام عہدے اپنی اپنی جگہ انتہائی اہمیت کے حامل ہیں لیکن فوج میں آرمی چیف کے بعد آئی ایس آئی سربراہ کا عہدہ سب سے زیادہ اہمیت کا حامل ہے۔

وزیر اعظم آرمی چیف کی تجویز پر آئی ایس آئی سربراہ کو تعینات کرتے ہیں۔

برطانوی خبر رساں ادارے کی رپورٹ کے مطابق آئی ایس آئی چیف کی تعیناتی کے حوالے سے وزیر اعظم ہاؤس اور جنرل ہیڈ کوارٹرز کے درمیان بات چیت جاری ہے تاہم وزیر اعظم کے انتہائی قریبی ساتھیوں کے مطابق ابھی تک نواز شریف اور آرمی چیف کے درمیان اس معاملے پر کوئی رسمی بات چیت نہیں ہوئی۔

ذرائع نے بتایا کہ جنرل راحیل پانچوں لیفٹننٹ جنرلز کی تعیناتی سے قبل وزیر اعظم نواز شریف سے ملاقات کریں گے۔

وزیر اعظم سے قریبی ذرائع نے بی بی سی اردو کو بتایا کہ نواز بھی آئی ایس آئی چیف کے لیے ایک دو ناموں پر غور کر رہے ہیں اور اس سلسلے میں کور کمانڈر لاہور لیفٹننٹ جنرل نوید زمان اور چیئرمین نیشنل ڈیفنس یونیورسٹی لیفٹننٹ جنرل جاوید رمدے کے نام سرفہرست ہیں۔

تاہم فوج میں اس عہدے کے لیے میجر جنرل نذیر بٹ اور میجر جنرل رضوان اختر کے نام زیر گردش ہیں۔

تبصرے (0) بند ہیں