ڈاکٹر عطاء الرحمٰن کے لیے چین کا سب سے بڑا قومی ایوارڈ

18 ستمبر 2014
ڈاکٹر عطاء الرحمٰن—۔فوٹو محمد عمر، ڈان ڈاٹ کام
ڈاکٹر عطاء الرحمٰن—۔فوٹو محمد عمر، ڈان ڈاٹ کام

اسلام آباد: ممتاز پاکستانی سائنس دان، اسکالر اور ہائیر ایجوکیشن کمیشن آف پاکستان کے سابق چیئرمین ڈاکٹر عطاء الرحمٰن کو چین کے سب سے بڑے قومی ایوارڈ ‘فرینڈ شپ ایوارڈ آف چائنا’ سے نوازا گیا ہے۔

ڈاکٹر عطاء الرحمٰن کو یہ ایوارڈ دونوں ممالک کے مابین سائنس اور ہائیر ایجوکیشن کے شعبے میں مضبوط تعلقات پروان چڑھانے کے اعتراف میں دیا جا رہا ہے۔

فرینڈ شپ ایوارڈ عوامی جمہوریہ چین کا سب سے بڑا اعزاز ہے، جو ان غیر ملکی ماہرین کو دیا جاتا ہے جنہوں نے چین میں معاشی و سماجی ترقی کے حوالے سے غیرمعمولی خدمات سر انجام دی ہوں۔

ایوارڈ دیئے جانے کی باضابطہ تقریب 29 ستمبر کو بیجنگ میں منعقد ہوگی۔

ڈاکٹر عطاء الرحمٰن کی ہی کوششوں کے باعث چینی اور دیگر یونیورسٹیوں کے ساتھ تعلیمی اشتراک کے پروگرام کا آغاز ہوا۔

ان پروگرامز کے تحت 400 طلباء کو مختلف چینی یونیورسٹیوں اور ریسرچ انسٹی ٹیوٹس میں پی ایچ ڈی کی سطح کی ٹریننگ کے لیے بھیجا گیا۔

ڈاکٹر عطاء الرحمٰن نے پاکستان کی جامعات میں طلباء کو ویڈیو کانفرنسنگ کے ذریعے چینی زبان سکھانے کے منصوبے کا بھی آغاز کیا۔

ان کی کتاب ‘سائنس کی حیرت انگیز دنیا’ (ونڈریئس ورلڈ آف سائنس) کا حال ہی میں چینی زبان میں ترجمہ بھی کیا گیا ہے۔

دس جنوری 2014ء کو انہیں چائنیز اکیڈمی آف سائنس کی جانب سے ‘انٹرنیشنل کوآپریشن ایوارڈ’ سے بھی نوازا گیا تھا۔

پروفیسر عطاء الرحمٰن کو پاکستان میں تمغہ امتیاز، ستارہ امتیاز، ہلالِ امتیاز اور پاکستان کے سب سے بڑے سول ایوارڈ نشان امتیاز سے بھی نوازا جا چکا ہے۔

تبصرے (2) بند ہیں

Sayyed Aamir Ali Sep 18, 2014 04:50pm
No Doubt he is a Gem of Pakistan, we proud you Sir!
Ikram Abbasi Sep 19, 2014 02:49pm
No doubt he is a symbol of success. May God bless him with more recognition.