وزیراعظم، اسمبلی کے 70 فیصد ارکان ٹیکس نہیں دیتے، عمران

18 ستمبر 2014
پاکستان تحریک انصاف کے چیئرمین عمران خان کارکن سے خطاب کر رہے ہیں —فائل فوٹو آن لائن۔
پاکستان تحریک انصاف کے چیئرمین عمران خان کارکن سے خطاب کر رہے ہیں —فائل فوٹو آن لائن۔

اسلام آباد: پاکستان تحریک انصاف کے چیئرمین عمران خان نے اتوار کو کراچی کے دورے سے قبل کہا ہے کہ اگر کراچی اٹھے گا تو پورا ملک اٹھے گا۔

جمعرات کو اسلام آباد میں دھرنے کے شرکاء سے خطاب کرتے ہوئے ان کا کہنا تھا کہ کراچی کو ’مافیا اور خوف‘ سے آزاد کرنے کی تحریک شروع کرنی ہے۔

انہوں نے کہا کہ کراچی میں سیکیورٹی اور قانون نہیں جس کے باعث لوگ عدم تحفظ کا شکار ہیں۔

ان کے مطابق کراچی کے عوام باشعور ہیں جبکہ سب سے زیادہ پڑھے لکھے لوگ اسی شہر میں آباد ہیں۔


’ایک سال بھی بیٹھنا پڑا تو بیٹھوں گا‘


عمران خان نے ایک مرتبہ پھر وزیراعظم نواز شریف کے استعفے کا مطالبہ کرتے ہوئے کہا کہ اگر انہیں دھرنے کے مقام پر ایک سال بھی بیٹھنا پڑا تو بیٹھیں گے لیکن استعفیٰ لیے بغیر نہیں جائیں گے۔

انہوں نے الزام عائد کیا کہ وزیراعظم اور اسمبلی میں بیٹھے 70 فیصد ارکان ٹیکس نہیں دیتے۔

انہوں نے کہا ’ جب وزیراعظم ٹیکس نہیں دیتا تو اور لوگ کیسے دیں گے؟‘


نواز شریف امریکا کس لیے جارہے ہیں؟ عمران خان


انہوں نے وزیراعظم کے بیرون ملک دوروں کو تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے کہا کہ نواز شریف امریکا کس لیے جارہے ہیں۔

ان کا کہنا تھا کہ گزشتہ حکومت میں نوازشریف کے پاس کوئی عہدہ نہیں تھا پھر پروٹوکول کیوں تھا؟

چیئرمین تحریک انصاف کا کہنا تھا کہ ایک طرف حکومت کارکنان پر ظلم کررہی ہے تو دوسری طرف مذاکرات جاری ہیں۔

انہوں نے کہا کہ ہماری ٹیم نے سیاسی جرگے کو بتادیا ہے کہ ہم نوازشریف سے بات کرنے کو تیار نہیں ہیں، ثابت کرنا ہےکہ ہم پولیس اور نوازشریف سے ڈرنے والے نہیں۔ انہوں نے الزام عائد کیا کہ پولیس اہلکار بڑی گاڑی کو جانے دیتے ہیں جبکہ پرانی گاڑی کو روک کر پیسے لیتے ہیں۔

عمران خان نے کہا ’ میں وہ پاکستان چاہتاہوں کہ جہاں عام آدمی وی آئی پی ہو، ایساپاکستان چاہتاہوں جہاں ناانصافی کیخلاف عوام وزیراعظم کو نکال دیں‘

انہوں نے دعویٰ کیا کہ ان کے دھرنے کی وجہ سے قوم ہر روز جاگ رہی ہے جبکہ انہوں نے عید پر بکرا بھی دھرنے ہی میں قربان کرنے کا اعلان کیا۔

اس سے قبل گزشتہ روز الیکشن کمیشن نے عمران خان کی جانب سے این اے 122 میں انتخابی عمل کے جائزے کی درخواست منظور کی تھی۔

الیکشن کمیشن کا کہنا تھا کہ عمران خان بیلٹ پیپر اور کاؤنٹر فائل کا معائنہ کر سکتے ہیں۔

خیال رہے کہ پاکستان عوامی تحریک اور پی ٹی آئی 14 اگست سے اسلام آباد میں انتخابات کے دوران دھاندلی کے خلاف دھرنے دے رہی ہیں۔

دونوں جماعتوں کے ساتھ متعدد بار مذاکرات کے کئی دور گزر چکے ہیں تاہم ابھی تک یہ بلا نتیجہ ہی اختتام پذیر ہوئے ہیں۔

تبصرے (0) بند ہیں