کراچی: پاکستان کے سب سے شہر کراچی میں فائرنگ اور دیگر پُرتشدد واقعات میں سیاسی جماعت کے ایک کارکن سمیت چار افراد ہلاک ہوگئے۔

ڈان نیوز کے مطابق شہر کے علاقے سرجانی ٹاؤن میں موٹر سائیکل پر سوار ملزمان نے ایک بس اسٹاپ پر فائرنگ کردی، جس کے نتیجے میں بس اسٹاپ پر کھڑے سیاسی جماعت کے ایک کارکن ہلاک اور دو افراد شدید زخمی ہوگئے۔

مسلح افراد فائرنگ کے بعد موقع سے فرار ہوگئے۔

اسی دوران گبول ٹاؤن میں شفیق موڑ پر فائرنگ سے ایک شخص ہلاک ہوا۔

پیر آباد سیکٹر فور اور کلری نیازی چوک پر بھی فائرنگ کا ایک واقعہ پیش آیا، جس کے نتیجے میں دو افراد ہلاک ہوئے۔

ہلاک ہونے والوں کی شناخت ریاض اور نیازی چوک کے ناموں سے ہوئی۔

اس سے قبل جمعرات کی صبح گلشنِ اقبال میں نامعلوم افراد کی فائرنگ سے کراچی یونیورسٹی میں شعبۂ اسلامک اسٹڈیز کے پروفیسر ڈاکٹر محمد شکیل اوج ہلاک اور ایک خاتون طالبعلم زخمی ہوگئیں۔

کراچی شہر میں جرائم پیشہ افراد کے خلاف گزشتہ سال ستمبر سے پولیس اور رینجرز کا مشترکہ آپریشن جاری ہے تاہم اس کے باوجود اب تک شہر میں مکمل طور پر امن بحال نہیں ہوسکا ہے۔

شہر میں مسلسل فائرنگ کے واقعات کے علاوہ، تشدد زدہ لاشیں ملنے اور اغوا برائے تاوان جیسے واقعات میں تیزی دیکھنے میں آرہی ہے۔

تبصرے (0) بند ہیں