خضدار: وفاقی وزیر برائے پوسٹل سروسز مولانا عبدالغفور حیدری نے دعویٰ کیا ہے کہ اسلام آباد میں جاری پاکستان تحریکِ انصاف اور عوامی تحریک کے دھرنے کو بیرونی قوتوں کی حمایت حاصل ہے، جو ملک کو غیر مستحکم کرکے اس کے جوہری اثاثوں پر کنٹرول حاصل کرنا چاہتے ہیں۔

مولانا حیدری جو جمیعت علمائے اسلام-ف کے جنرل سیکریٹری بھی ہیں، کا کہنا تھا کہ پی ٹی آئی کے سربراہ عمران خان اور پی اے ٹی کے چیف علامہ ڈاکٹر طاہر القادری اس کلچر کو فروغ دے رہے ہیں جو اسلامی تعلیمات اور پاکستان روایات کے خلاف ہے۔

انہوں نے کہا کہ یہ بہت افسوس کی بات ہے کہ ایک کنیڈین شہری کو پاکستان میں اپنے ایجنڈے اور پالیسی کو فروغ دینے کی اجازت دی گئی ہے۔

جعمرات کو یہاں مدرسہ تجوید القرآن کے طالبعلموں سے خطاب کرتے ہوئے مولانا حیدری کا کہنا تھا کہ عمران خان کی پی ٹی آئی صوبائی بجٹ کا صرف تیس فیصد بھی عوام کی فلاح و بہبود پر خرچ کرنے میں ناکام رہی ہے، لیکن اس کے باوجود بھی وہ وزیراعظم بننے کا مطالبہ کررہے ہیں۔

ان کا کہنا تھا کی عوامی تحریک کے سربراہ ڈاکٹر طاہر القادری کی جانب سے دھرنے میں بھوک ہڑتال کا اعلان کرنے کا مقصد روزانہ کی بنیاد پر خرچ ہونے والے ایک اعشاریہ سات ملین روپے کی رقم کو بچانا تھا۔

انہوں نے کہا کہ ڈاکٹر طاہر القادری پاکستان مین ان مدارس کو بند کرنا چاہتے ہیں جن کو برطانیہ بھی بند کرنے میں ناکام رہا تھا۔

مولانا حیدری کا کہنا تھا کہ جے یو آئی-ف کو گزشتہ سال 2013ء کے عام انتخابات کے نتائج پر تحفظات تھے، لیکن ہم جموریت کے مفاد میں خاموش رہے۔

تبصرے (1) بند ہیں

mona Sep 19, 2014 10:51pm
اپنے بارے میں اس ملا کا کیا خیال ہے؟ اسے کس کی حمایت حاصل ہے؟