گلگت: پولیس اہلکاروں اور ریسکیو ٹیم کے دیگر اراکین کو ہفے کے روز ایک تائیوانی خاتون کی لاش ملی جو گلگت بلتستان کے ہنزہ نگر ضلع کے قریب ایک چوٹی سے گرکر ہلاک ہوگئی تھیں۔

چھبیس سالہ یو چنگ چینگ جمعے کے روز فرانسیسی ساتھی زوریئر کے ہمراہ ہنزہ وادی کے ایک گلیشئر سے واپس آرہی تھیں کہ ایک چوٹی سے گر گئیں۔

فرانسیسی ساتھی نے گجال پولیس اور مقامی افراد کو واقعے کے بارے میں آگاہ کیا۔ بعدازاں چھ پولیس اہلکاروں اور 12 مقامی افراد پر مشتمل ریسکیو ٹیم کو جائے وقوع کی جانب روانہ کیا گیا جہاں سے تائیوانی سیاح کی لاش ملی جسے ہنزہ منتقل کردیا گیا۔

خبر رساں ادارے اے ایف پی کے مطابق پولیس افسر حسین جامی نے کہا کہ مس چینگ کے فرانسیسی دوست نے حادثہ کی اطلاع پسو گاؤں کے تھانے میں درج کروائی تھی۔

ہنزہ کی خوبصورت وادیوں کے باعث یہ ایک مقبول سیاحتی مقام ہے جہاں اکثر سیاح بغیر گائیڈ ہی کے سفر کرتے ہیں کیوں کہ اس علاقے کو عام طور پر غیر ملکی سیاحوں کے لیے محفوظ سمجھا جاتا ہے۔

ایک مقامی ٹور آپریٹر امتیاز علی کا کہنا تھا کہ سیاحوں نے جس راستے کا انتخاب کیا اسے بہت خطرناک تصور کیا جاتا ہے، مقامی افراد بھی اس راستے سے دور رہتے ہیں اور اگر جانا پڑ بھی جائے تو بند ٹریک پر بہت محتاط رہتے ہیں۔

ان کا مزید کہنا تھا کہ اس راستے پر ایک غلط قدم بھی موت کا باعث بن سکتا ہے کیوں کہ اس سے آپ ہزاروں فٹ نیچے واقعے پتھروں پر گر سکتے ہیں۔

تبصرے (0) بند ہیں