حیدر آباد: چیمپئنز لیگ کے ساتویں میچ میں کولکتہ نائٹ رائیڈرز نے پاکستان کے لاہور لائنز کو چار وکٹوں سے شکست دے دی۔

اتوار کو کھیلے گئے گروپ 'اے' کے میچ میں رائیڈرز نے ٹاس جیت کر لائنز کو پہلے بیٹنگ کی دعوت دی۔

پاکستانی اوپنرز ناصر جمشید اور احمد شہزاد نے اچھا آغاز فراہم کیا۔

پہلی وکٹ 6.4 اوورز میں 50 کے مجموعی سکور پر گری، جب جمشید 10رنز بنا کر رن آؤٹ ہوئے۔

کپتان حفیظ زیادہ دیر وکٹ پر نہ ٹھر سکے اور 9 رن بنا کلدیپ یادو کی گیند پر کیچ آؤٹ ہو گئے۔

ٹاپ اسکورر شہزاد تیسرے آؤٹ ہونے والے بلے باز تھے، جو 59 رنز پر پایوش چاؤلہ کے ہاتھوں آؤٹ ہوئے۔

ان کے بعد صرف عمر اکمل ہی دوہرے ہندسے میں داخل ہوئے، انہوں نے 24 گیندوں پر 40 رنز بنائے ۔

لائنز نے مقررہ 20 اوورز میں 7.55 کی اوسط سے سات وکٹوں پر 151 رنز بنائے۔ رائیڈرز نے 17 اضافی رنز بھی دیے۔

مین آف دی میچ سنیل نرائن رائیڈرز کے سب سے کامیاب باؤلر رہے۔ انہوں نے محض نو رنز دے کر سعد نسیم (0)، عمر صدیق (2)، اور آصف رضا (0 ) کو پولین کی راہ دکھائی۔

چاؤلہ اور پی کمنز نے ایک، ایک وکٹ حاصل کی۔

جواب میں کولکتہ نائٹ رائیڈرز چھ وکٹوں کے نقصان پر 19.3 اوورز میں مقررہ ہدف حاصل کر لیا۔

اوپنرز روبن اوتھپا (46) اور کپتان گوتم گمبھیر (60)نے 13 اوورز میں 100 رنز کی مضبوط بنیاد فراہم کرتے ہوئے لائنز کی میچ جیتنے کی امیدوں کوجھٹکا دیا۔

اوتھپا 13ویں اوور میں 100 کے مجموعی سکور پر عدنان رسول کی گیند پر بولڈ ہوئے جبکہ مصطفی اقبال نے 113 کے مجموعی سکور پر گمبیر کو پولین کی راہ دکھائی۔

اس موقع پر پاکستانی باؤلرز نے میچ میں واپس آنے کی کوشش کرتے ہوئے مزید چار وکٹیں حاصل کیں تاہم رائیڈرز نے میچ ختم ہونے سے تین گیندیں قبل ہدف حاصل کر لیا۔

پاکستانی باؤلرز میں چیمہ نے دو، جبکہ رضا، وہاب ریاض، رسول اور قبال نے ایک ایک وکٹ حاصل کی۔

یہ لاہور لائنز کا فائنل راؤنڈز میں پہلا میچ تھا۔ پاکستانی ٹیم کا اگلا مقابلہ چنائی سپر کنگز کے ساتھ جمعرات، 25 ستمبر کو ہو گا۔

ضرور پڑھیں

تبصرے (0) بند ہیں