انچیون: جنوبی کوریا کی وزارت برائے فوڈ اینڈ ڈرگ سیفٹی نے ساؤتھ ایشین گیمز کے ایتھلیٹس اور دیگر اسٹاف کو مہیا کیے جانے والے کھانے کے ڈبوں میں ڈائیریا پھیلانے والے سالمونیلا سمیت دیگر خطرناک بیکٹیریا کی موجودگی کا انکشاف کیا ہے۔

بیکٹیریا کی موجودگی کے بعد وزارت نے ڈبوں کو تلف کرکے کھانا فراہم کرنے والے سپلائر کو تبدیل کرنے کا حکم دے دیا ہے۔

وزارت برائے فوڈ اینڈ ڈرگ سیفٹی کے ترجمان نے خبر رساں ادارے رائٹرز کو ٹیلی فون پر بتایا کہ اتوار کو انچیون میں ایتھلیٹس کو مہیا کیے جانے والے لنچ باکسز میں موجود گوشت کی ایک ڈش میں سالمونیلا بیکٹیریا پایا گیا۔

ترجمان کے مطابق انہوں نے 76 لنچ باکسز میں موجود ایک ایک ڈش کو چیک کیا اور ان سب کو تلف کردیا۔

ترجمان کا یہ بھی کہنا تھا کہ مذکورہ لنچ باکسز ایتھلیٹس تک نہیں پہنچے تھے بلکہ سپلائر کے پاس چیکنگ کے دوران ہی ان میں خطرناک بیکٹیریا کی موجودگی کا پتا چل گیا۔

انہوں نے مزید بتایا کہ اس سے قبل جمعہ کو بھی ایتھلیٹس کے لنچ باکسز میں کولون بیسیلس نامی وائرس کی موجودگی کا انکشاف ہوا تھا۔

دونوں بیکٹیریا کسی بھی انسان کو ڈائیریا، بخار، متلی، الٹی اور دیگر بیماریوں میں مبتلا کر سکتے ہیں۔

انچیون آرگنائزنگ کمیٹی (آئی اے جی او سی) کے ترجمان کا کہنا ہے کہ وہ ایتھلیٹس کی صحت اور ان کی حفاظت پر کوئی خطرہ مول نہیں لے سکتے۔

ترجمان کے مطابق اگر ایک مرتبہ بھی سالمونیلا کی موجودگی کا علم ہو جائے تو تمام کھانا تلف کرکے سپلائر کو بھی تبدیل کردیا جاتا ہے۔

تبصرے (0) بند ہیں