اسلام آباد: وفاقی کابینہ نے ملک بھر میں سرکاری ملازمتوں پر عائد پابندی ختم کرنے کی منظوری دے دی۔

ڈان نیوز کے مطابق وزیراعظم میاں محمد نوازشریف کی زیرصدارت وفاقی کابینہ کے اجلاس کے بعد وزیر مملکت پانی و بجلی عابد شیر علی اور مشیر پانی و بجلی مصدق ملک کے ہمراہ وفاقی وزیر اطلاعات ونشریات پرویز رشید نے میڈیا سے گفتگو کی۔

انہوں نے بتایا کہ وفاقی کابینہ نے ملک بھر میں بھرتیوں پر پابندی ختم کرنے اور عید سے قبل سیلاب متاثرین کو فی خاندان 25 ہزار روپے امدادی رقم دینے کا فیصلہ کیا ہے۔

وزیر اطلاعات نے کہا کہ وفاقی حکومت سیلاب زدگان کے نقصانات کا ازالہ کرےگی اور اس کے لئے تخمینہ لگایا جارہا ہے۔

وزیر مملکت برائے پانی و بجلی چوہدری عابد شیر علی نے کہا کہ وزیراعظم نے اضافی بلوں کے معاملے پر ناراضی کا اظہار کیا ہے۔

انہوں نے کہا کہ اضافی بلوں کا آڈٹ کرکے تین ہفتوں میں رپورٹ کا بینہ کو پیش کی جائے گی۔

اس موقع پر مشیر پانی و بجلی مصدق ملک نے کہا کہ میٹر ریڈرز کی کمی کے باعث اندازے کے مطابق بلنگ سے اضافی بلوں کا مسئلہ پیش آیا۔

مصدق ملک کا کہنا تھا کہ اضافی بل دینے والوں کا اذالہ کیا جائے گا۔

وفاقی وزیر اطلاعات و نشریات پرویز رشید نے مزید کہا کہ مزدور کی بارہ ہزار ماہانہ اجرت کو تحفظ دینے کیلئے قانون سازی کا بھی فیصلہ کیا گیا ہے۔

تبصرے (0) بند ہیں