موغادیشو: صومالیہ میں شباب کے زیر قبضہ علاقے میں ایک خاتون کو خفیہ طور پر کئی شوہروں سے شادی کرنے کے جرم سنگسار کر کے ہلاک کردیا گیا۔

عینی شاہدین کے مطابق صومالیہ کے جنوبی ساحلی ضلع براوے میں خاتون کو گردن تک زمین میں گاڑ دیا گیا اور پھر عمامہ پہنے افراد نے بھرے مجمعے کے سامنے ان پر پتھر برسائے۔

اسلامی عدالت کے جج شیخ محمد ابو عبداللہ نے مجمعے کو بتایا کہ خاتون نے چار شوہروں سے شادی کی اور اپنے جرم کا اقرار کیا، میں ان سے حوالات میں کئی مرتبہ سوال کیا تاہم انہوں نے کہا کہ وہ ذہنی طور پر بالکل ٹھیک ہیں۔

جج نے بتایا کہ اس سلسلے میں چاروں شوہروں سے بھی سوالات کیے گئے اور ان چاروں نے ہی شادی کی تصدیق کی۔

صومالی خاتون 33 سالہ صفیو احمد جمالی کو جمعہ کے دن درجنوں افراد کے سامنے سنگسار کیا گیا۔

ایک عینی شاہد علی یارے نے بتایا کہ خاتون کو آنکھوں پر پٹی باندھ کر لایا گیا، ان کو گردن تک زمین میں گاڑ دیا گیا اور پھر عمامہ پہنے ہوئے افراد نے پتھر برسا کر اسے ہلاک کردیا۔

القاعدہ سے منسلک الشباب نے جنگ زدہ صومالیہ کے مرکزی اور جنوبی حصوں پر قبضہ کر کے وہاں اسلامی شریعت نافذ کی ہوئی ہے۔

تبصرے (0) بند ہیں