کوئٹہ: 15 افراد جنہیں عسکریت پسند بتایا جارہا ہے، نے اپنے 70 ساتھیوں سمیت سوئی میں اتوار کے روز خود کو قانون نافذ کرنے والے اداروں کے حوالے کردیا۔

ایف سی ترجمان خان واسع نے ایک اعلامیے میں کہا کہ یہ افراد مختلف بگٹی قبائل سے تعلق رکھتے ہیں اور ڈیرہ بگٹی کے سوئی کے علاقے میں رہائش پذیر تھے۔

انہوں نے دعویٰ کیا کہ یہ افراد قومی تنصیبات اور سیکورٹی فورسز پر حملوں میں ملوث تھے۔

انہوں نے اپنے ہتھیار ایک تقریب کے دوران ڈالے جس میں ایف سی کے انسپکٹر جنرل میجر جنرل اعجاز شاہد، قبائلی عمائدین اور دیگر اعلیٰ عہدیداروں نے شرکت کی۔ حوالے کیے گئے ہتھیاروں میں 89 رائفلز، دھماکا خیز مواد اور گولیاں شامل تھیں۔ عسکریت پسندوں نے اس موقع پر تشدد کو ترک کرنے کا بھی عہد کیا۔

انہوں نے ریاست کے مخالف کارروائیاں نہ کرنے کا وعدہ کیا جبکہ صوبائی حکومت کی جانب سے ہتھیار ڈالنے والے عسکریت پسندوں کے لیے عام معافی اور خصوصی پیکج کو سراہا۔

تبصرے (0) بند ہیں