ہندوستان کی لائن آف کنٹرول پر حملے روکنے کی وارننگ

اپ ڈیٹ 09 اکتوبر 2014
ہندوستان کے وزیر دفاع ارون جیتلی — فوٹو اے ایف پی
ہندوستان کے وزیر دفاع ارون جیتلی — فوٹو اے ایف پی

نئی دہلی: ہندوستانی وزیر دفاع ارون جیتلی نے پاکستان کو وارننگ دیتے ہوئے کہا ہے کہ وہ لائن آف کنٹرول اور ہندوستان کے زیر انتظام کشمیر پر فائرنگ اور شیلنگ کا سلسلہ ختم کردے۔

خبر رساں ادارے اے ایف پی کے مطابق نئی دہلی میں صحافیوں سے گفتگو کے دوران ہندوستانی وزیر دفاع ارون جیتلی کا کہنا تھا کہ 'اگر پاکستان اپنے ایڈونچر سے باز نہ آیا تو ہماری افواج ان کے اس ایڈونچر کو ان کے لیے ناقابل برداشت بنا دیں گی'۔

ارون جیتلی نے کہا کہ 'اگر پاکستان سرحد پر امن چاہتا ہے تو اسے بلا اشتعال فائرنگ اور شیلنگ کا سلسلہ روک دینا چاہیے'۔

دونوں ہمسایہ ایٹمی ممالک پاکستان اور ہندوستان ورکنگ باؤنڈری پر ہونے والی سرحدی خلاف ورزیوں کا ذمہ دار ایک دوسرے کو ٹہرا رہے ہیں جس کے نتیجے میں اس ہفتے کے دوران اب تک کم از کم 12 شہری ہلاک ہو چکے ہیں۔

ورکنگ باؤنڈری کے دونوں اطراف مقیم ہزاروں افراد اپنے گھروں کو چھوڑ کر محفوظ مقامات پر منتقل ہو چکے ہیں۔

ورکنگ باؤنڈری پر فائرنگ کے نتیجے میں پیر کو 9افراد ہلاک ہوئے، جو ایک عشرے کے دوران ایک ہی روز میں ہلاک ہونے والے شہریوں کی سب سے زیادہ تعداد ہے۔

خطہ کشمیر ایک متنازعہ علاقہ تصور کیا جا تا ہے اور پاکستان اور ہندوستان دونوں اس خطے پر اپنی ملکیت کا دعویٰ کرتے ہیں۔

پاکستان اور ہندوستان کے مابین متنازعہ لائن آف کنٹرول اور ہندوستان کے زیر انتظام کشمیر اور پاکستان کے صوب پنجاب کو جدا کرنے والے بارڈر پر سرحدی خلاف ورزیاں ایک معمول ہیں۔

ان واقعات کو روکنے کی غرض سے 2004 میں دونوں ممالک نے ایک سیز فائر معاہدے پر دستخط کیے تھے۔

تاہم حالیہ چند ہفتوں کے دوران ہندوستان کی جانب سے پاکستانی سرحدی علاقے میں فائرنگ کے واقعات میں اضافہ دیکھنے میں آیا ہے اور متعدد بار دونوں ملکوں کے درمیان سیز فائر معاہدے کی خلاف ورزی کی گئی ہے۔

گزشتہ سال دسمبر میں پاکستان اور ہندوستان نے ایل او سی سیز فائر معاہدے کی پاسداری کرنے کے عزم کا اظہار کیا تھا، لیکن اس کے باوجود اس قسم کے واقعات کا سلسلہ رک نہیں سکا ہے۔

قیاس کیا جا رہا ہے ہندوستان کی نئی دائیں بازو سے تعلق رکھنے والی جماعت اس معاملے پر ایک سخت نکتہ نظر رکھتی ہے۔

ضرور پڑھیں

تبصرے (1) بند ہیں

Hammad Ahmed Oct 09, 2014 04:26pm
Bro we are not firing on your soldiers but you are firing on our's.