کراچی میں ڈاکو دن دیہاڑے ایدھی سینٹر میں عبدالستار ایدھی سمیت عملے کو یرغمال بناکر کروڑوں روپے مالیت کا سونا اور رقم لوٹ کر باآسانی فرار ہو گئے۔

وزیر اعلی سندھ واقعے کا نوٹس لیتے ہوئے پولیس کو ملزمان کی گرفتاری کا حکم بھی دے دیا ہے۔

ڈان نیوز کے مطابق آٹھ مسلح افراد صبح دس بجے میٹھادر میں واقع ایدھی سینٹر میں داخل ہوئے عبدالستار ایدھی سمیت عملے کو یرغمال بناکر لاکرز سے پانچ کلو سونا اور کروڑوں روپے لوٹ کر فرار ہوگئے۔

عبدالستار ایدھی کا کہنا تھا کہ لوٹی جانے والی رقم میں لوگوں کی جمع کرائی گئی امانتیں بھی شامل ہیں۔

عبدالستار ایدھی کے بیٹے فیصل ایدھی نے میڈیا کو بتایا کہ یہ واقعہ صبح 9بجکر 45 منٹ پر پیش آیا اور ڈاکو لاکرز توڑ کر تقریباً پانچ کلو سونا اور غیرملکی کرنسی سمیت کروڑوں روپے لوٹ کر لے گئے۔

وزیراعلی سندھ نے واردات کا نوٹس لیتے ہوئے ملزمان کی جلد گرفتاری کا حکم دے دیا ہے جب کہ پولیس نے فیصل ایدھی کی مدعیت میں میٹھادر تھانے میں نامعلوم افراد کیخلاف مقدمہ درج کرلیا ہے۔

ایم کیو ایم نے واقعے کی شدید مذمت کرتے ہوئے سندھ حکومت سے ملزمان کی فوری گرفتاری کا مطالبہ کردیا۔

تبصرے (0) بند ہیں