پاکستان میں اب قائد اعظم ازم چلے گا، طاہرالقادری

اپ ڈیٹ 20 اکتوبر 2014
سربراہ پاکستان عوامی تحریک طاہر القادری  ۔(فوٹو:آن لائن)۔
سربراہ پاکستان عوامی تحریک طاہر القادری ۔(فوٹو:آن لائن)۔
جلسے میں کارکنان کی بڑی تعداد شریک تھی  ۔(فوٹو:آن لائن)۔
جلسے میں کارکنان کی بڑی تعداد شریک تھی ۔(فوٹو:آن لائن)۔
سربراہ پاکستان عوامی تحریک طاہر القادری  ۔(فوٹو:آن لائن)۔
سربراہ پاکستان عوامی تحریک طاہر القادری ۔(فوٹو:آن لائن)۔

لاہور: پاکستان عوامی تحریک (پی اے ٹی) کے سربراہ طاہر القادری نے کہا ہے کہ پاکستان میں ملا ازم، انتہا پسندی، سوشل ازم اور کمیونزم چل چکے، پاکستان میں اب قائد اعظم ازم چلے گا۔

لاہور میں مینار پاکستان کے احاطے میں جلسے سے خطاب میں ان کا کہنا تھا کہ پنجاب کو 7 صوبوں میں تقسیم کرنا چاہتا ہوں جس سے اختیارات اور وسائل نچلی سطح تک پہنچیں گے۔

ان کا دعوی تھا کہ 10لاکھ سے زائد لوگ لاہور میں انقلاب کے لیے مینار پاکستان تلے جمع ہیں۔

پی اے ٹی کے سربراہ طاہر القادری نے خطاب سے قبل سانحہ ماڈل ٹاؤن کے ہلاک افراد کے لیے فاتحہ خوانی بھی کی

ان کا کہنا تھا کہ اسلام آباد دھرنے کو 65دن ہو چکے ہیں، دھرنے والوں کے صبر نے عوام کے شعور کو بیدار کر دیا، کروڑوں عوام کے اندر قربانیوں نے انقلاب کے لیے جسارت پیدا کر دی،ماڈل ٹاؤن کے شہداء کی عظمت کو سلام پیش کرتے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ حکمرانوں کو 17جون کے سانحہ ماڈل ٹاؤن کے شہداء پر ریمنڈ ڈیوس بننے کی اجازت نہیں دی جائے گی کیونکہ ریمنڈ ڈیوس نے دھرتی کے بچے قتل کیے، حکمرانوں نے دیت لے کر فرار کرا دیا، کسی شہید کی دیت قبول نہیں ہوگی، صرف قصاص ہوگا، قصاص کے بغیر چین سے نہیں بیٹھیں گے، ہمارے شہیدوں کا معاملہ قاتلوں کی پھانسی پر ختم ہوگا۔

پی ٹی اے کے سربراہ کا کہنا تھا کہ پرویز مشرف دور میں 7سال پہلے بجلی فی یونٹ 3روپے تھی جبکہ 2011میں پیپلز پارٹی کے دور میں بجلی فی یونٹ 7روپے ہوگئی،پاکستان میں انقلاب کے بعد قوم کو 2سے 3سال میں سب کو بجلی فراہم کریں گے۔

طاہر القادری نے مزید کہا کہ ہم قومی حکومت کے قیام کے مطالبے سے پیچھے نہیں ہٹیں گے مگر اس سے قبل احتساب ہوگا اور پھر اصلاحات ہوں گی اور اس کے بعد انتخابات ہوں گے۔


عوامی تحریک کے جلسے میں بد نظمی


لاہور میں مینار پاکستان کے احاطے میں پاکستان عوامی تحریک کے جلسے میں بد نظمی سامنے آئی۔

واضح رہے کہ عوامی تحریک کے جلسوں کو عمومی طور پر منظم قرار دیا جاتا ہے۔

ڈان نیوز کے مطابق پی اے ٹی کے سربراہ طاہر القادری کے جلسے میں پہنچنے پر کچھ نوجوانوں نے سیکورٹی کا احاطہ توڑ کر ان کے قریب جانے کی کوشش کی جس پر سیکورٹی پر مامور رضاکاروں نے ڈنڈے برسانے شروع کر دیئے جس سے ایک نوجوان شدید زخمی ہو گیا۔

ڈان نیوز نے رپورٹ میں بتایا کہ ایک نوجوان زخمی ہونے کے بعد کارکنوں نے ایک دوسرے پر لاٹھیوں اور کرسیوں سے حملہ کر دیا اور جلسے میں شدید بد نظمی سامنے آئی۔

قبل ازیں طاہر القادری کا کارواں مینار پاکستان پہنچا جس کا پرتپاک استقبال کیا گیا۔

طاہر القادری کی گاڑیوں پر پھولوں کی پتیاں نچھاور کیں۔

پاکستان عوامی تحریک کے ترجمان کے مطابق وقت کی کمی کے باعث طاہر القادری داتا دربار پر نہیں جا سکے۔


جلسے کی تیاریاں مکمل، کارکنوں کی آمد


پاکستان عوامی تحریک کا لاہور میں میدان سج گیا ہے جہاں کارکنوں کی بڑی تعداد مینار پاکستان گراؤنڈ میں موجود ہے۔

عوامی تحریک کے قائد طاہراالقادری نے کسی بھی وقت نظام گرنے کی پیشگوئی کردی ہے اور ان کا کہنا ہے کہ لاہور کا جلسہ حکمرانوں کے خلاف ریفرنڈم ہے،انقلاب کا جھنڈاجلد لہرائے گا۔

جلسہ گاہ میں کارکنوں کی بہت بڑی تعداد پارٹی جھنڈے اٹھائے، نعرے لگاتی جلسے میں پہنچ گئی ہے۔ جلسے میں خواتین کی بھی بہت بڑی تعداد موجود ہے جن کے بیٹھنے کیلئے علیحدہ انتظام کیا گیا ہے۔

جلسہ گاہ میں ہرطرف پی اے ٹی کے پرچموں اور ذیلی تنظیموں کے جھنڈوں کی بہار آئی ہوئی ہے جس پر پی اے ٹی قیادت کا کہنا ہے وہ دکھانا چاہتے ہیں کہ انقلاب کا پیغام شہر شہر پہنچ چکا ہے۔

تاریخی گراؤنڈ میں طاہرالقادری کی تصاویر اور انقلابی نعروں سے وسیع اسٹیج سجایا گیا ہے اور شرکاء کے بیٹھنے کیلئے ستر ہزار سے زیادہ کرسیاں لگائی گئی ہیں۔

مینار پاکستان میں جلسے کیلئے ڈاکٹرطاہرالقادری کا قافلہ منزل کی جانب رواں دواں ہے، ڈان نیوز سے خصوصی بات چیت میں پی اے ٹی سربراہ نے لاہور جلسے میں ریکارڈ ٹوٹنے کی پیشگوئی کی اورساتھ ہی دھرنے میں واپس جا کر جشن فتح منانے کا بھی اعلان کیا ۔

ان کا کہنا تھا کہ انقلاب کا وقت قریب ہے ،نظام کسی بھی وقت گرجائے گا اور انقلاب کا جھنڈا لہرائے گا ۔

تبصرے (0) بند ہیں