ایم کیو ایم کی ناراضگی سراج درانی کے نزدیک غیر اہم مسئلہ

اپ ڈیٹ 20 اکتوبر 2014
اسپیکر سندھ اسمبلی آغا سراج درانی—۔فوٹو آن لائن
اسپیکر سندھ اسمبلی آغا سراج درانی—۔فوٹو آن لائن

کراچی: اسپیکر سندھ اسمبلی آغا سراج درانی کا کہنا ہے کہ متحدہ قومی موومنٹ ( ایم کیو ایم) ناراض ہوتی رہتی ہے، لیکن سندھ حکومت انہیں جلد منالے گی۔

پیر کو سندھ اسمبلی کے اجلاس سے قبل میڈیا سے بات چیت کرتے ہوئے اسپیکر سندھ اسمبلی آغا سراج درانی کا کہنا تھا کہ ایم کیو ایم کو کیا تحفظات ہیں، اس کا علم بات چیت سے ہو جائے گا۔

سراج درانی کا کہنا تھا کہ آمریت کا زمانہ چلا گیا اور اب ملک میں جمہوریت ہے۔

انہوں نے کہا کہ پاکستان پیپلز پارٹی ایک مضبوط سیاسی جماعت ہے اور رہے گی۔

سراج درانی کا کہنا تھا کہ عوام کا سمندر پیپلز پارٹی کے ساتھ ہے اور اٹھارہ اکتوبر کے جلسے سے ثابت ہوگیا کہ بلاول بھٹو کے کروڑوں جاں نثار ہیں۔

واضح رہے کہ پاکستان پیپلزپارٹی کے رہنماؤں اورچیئرمین بلاول بھٹوزرداری کی جانب سے ایم کیوایم پر بار بار کی تنقید دونوں جماعتوں کے درمیان کشیدگی میں اضافے کاسبب بنی تھی۔

جس کے بعد متحدہ قومی موومنٹ نے سندھ حکومت سے علیحدگی کا اعلان کردیا۔


مزید پڑھیں: ایم کیو ایم کا سندھ حکومت سے علیحدگی کا اعلان


اٹھارہ اکتوبرکو کراچی میں جلسے سے خطاب کے دوران پیپلزپارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری نے دیگر جماعتوں کے علاوہ ایم کیو ایم کو بھی تنقید کا نشانہ بنایا۔

اس سے قبل پی پی پی رہنما اور قومی اسمبلی میں اپوزیشن لیڈر خورشید شاہ کے لفظ 'مہاجر' سے متعلق خیالات نے بھی متحدہ اور پیپلزپارٹی کے تعلقات انتہائی خراب کردیے تھے۔


مزید پڑھیں: لفظ مہاجر گالی ہے، استعمال نہ کریں، خورشید شاہ


بلاول بھٹو زرداری اور خورشید شاہ کے ایم کیوایم کے خلاف بیانات نے سندھ میں سیاسی درجہ حرارت میں اضافہ کردیا ہے۔

سیاسی تجزیہ نگاروں کا کہنا ہے کہ سیاسی قیادت کو بیانات میں احتیاط کا دامن ہاتھ سے نہیں چھوڑنا چاہیے۔

تبصرے (0) بند ہیں