اسلام آباد: پاکستان الیکٹرانک میڈیا ریگولیٹری اتھارٹی (پیمرا) نے عدلیہ مخالف پروگرام نشر کرنے پر جی ٹی وی چینل اے آر وائی نیوز کا لائسنس 15 روز کے لیے معطل کردیا جبکہ ایک کروڑ روپے جرمانہ بھی عائد کیا گیا ہے۔

اے آر وائی کے معاملے پر پیمرا کا خصوصی اجلاس پیر کے روز ہوا جس کے دوران یہ فیصلہ لیا گیا۔

پیمرا حکام نے اجلاس کے دوران اے آر وائی کی نشریات کا جائزہ لیا اور اسے پیمرا قوانین کی خلاف ورزی قرار دیا گیا۔

اس سے قبل ہفتے کے روز پیمرا نے مبشر لقمان اور ان کے پروگرام ’کھرا سچ‘ پر پابندی عائد کی تھی۔

پیمرا کی جانب سے جاری کیے جانے والے اعلامیے کے مطابق اتھارٹی نے لاہور ہائی کورٹ کے 17 اکتوبر کے حکم نامے (نمبرسی آر ایل،او آر جی نمبر 2070-ڈبلیو / 2014) کے مطابق پابندی عائد کی۔

یاد رہے کہ مبشر لقمان کے خلاف توہین عدالت کے حوالے سے کیس زیر سماعت ہے۔

پیمرا نے یہ بھی حکم دیا ہے کہ مبشر لقمان بطور اینکر یا مبصر اے آر وائے سمیت کسی بھی ٹی وی چینل پر نہیں آ سکتے۔

اتھارٹی کی جانب سے لاہور ہائی کورٹ کے احکامات کی کاپی تمام ٹی وی چینلز کو ارسال کر دی ہے تاکہ عدالتی احکامات پر عمل درآمد ہو سکے۔

تبصرے (0) بند ہیں